سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے مملکت کے مختلف علاقوں میں سنیچر تک جاری رہنے والی ممکنہ بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ مملکت کے کئی علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی بارش، ژالہ باری، گرد آلود ہوائیں اور بعض مقامات پر سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
مکہ مکرمہ ریجن میں متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں، مکہ شہر، طائف، میسان، اضم، العرضیات، الجموم، بحرہ، المویہ، الخرمہ، رنیہ، اللیث، القنفذہ اور الکامل۔
اس کے علاوہ جازان، عسیر اور الباحہ ریجن میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ شہری دفاع نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ:
سیلاب سے متاثرہ علاقوں، نشیبی وادیوں اور برساتی نالوں سے دور رہیں۔
جہاں بارش کا پانی جمع ہو، وہاں تیرنے سے گریز کریں۔
سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پر جاری شہری دفاع کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
مزید معلومات اور اپ ڈیٹس کے لیے شہریوں کو متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔