اسلام آباد انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں 14 اگست کے یوم آزادی کے سلسلے میں 13 اگست کو بھی مقامی سطح پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد ضروری انتظامی اور ایمرجنسی اداروں کے علاوہ اسلام آباد کے تمام سرکاری اور نجی ادارے دونوں دن بند رہیں گے، جس سے شہری دو دن کی تعطیلات سے مستفید ہوں گے۔
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے بدھ 13 اگست کو تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے تاکہ عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
نوٹیفکیشن میں ضروری خدمات کے دفاتر کو تعطیل سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، جن میں ایم سی آئی، سی ڈی اے اور آئی سی ٹی ایڈمنسٹریشن دفاتر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس، آئیسکو، ایس این جی پی ایل اور اسپتالوں میں بھی چھٹی نہیں ہوگی۔
دوسری جانب، ملک بھر میں اگست کے مہینے میں یوم آزادی کے موقع پر چار تعطیلات متوقع ہیں۔ کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق پورے پاکستان میں 14 اگست کو یوم آزادی کی عام تعطیل ہوگی۔
مزید برآں، چہلم امام حسین جو جمعہ 15 اگست کو ہے، وفاقی تعطیلات میں شامل نہیں، لیکن صوبائی سطح پر متعلقہ علاقوں میں چہلم کی مقامی تعطیل کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ اس صورت میں جمعرات 14 اگست سے اتوار 17 اگست تک کی تعطیلات یکجا ہو سکتی ہیں۔