’کھوپڑی سنک گئی تو۔۔۔‘؛ متھن چکرورتی کی بلاول اور پاکستانیوں کو انتہائی نازیبا دھمکی

0 minutes, 0 seconds Read

مودی کی انتہا پسند حکمراں جماعت ”بھارتیہ جنتا پارٹی“ (بی جے پی) کے رہنما اور بولی وُڈ اداکار متھن چکرورتی نے پاکستان کے سابق وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان پر انتہائی نامناسب ردعمل ظاہر کیا ہے۔ بلاول نے بھارت کو سندھ طاس معاہدے میں تبدیلیوں پر سخت وارننگ دی تھی۔

متھن چکرورتی نے کلکتہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’اگر ایسی باتیں کرتے رہیں اور ہماری کھوپڑی سنک گئی تو ایک کے بعد ایک براہموس میزائل چلے گا۔‘

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز بھٹ شاہ میں شاہ لطیف ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی عوام میں اتنی طاقت ہے کہ وہ نہ صرف جنگ میں بھارت کا مقابلہ کرسکتے ہیں بلکہ ان سے 6 دریا واپس بھی حاصل کرسکتے ہیں، اور اگر ہمیں مجبور کیا گیا تو ہم پیچھے ہٹنے اور جھکنے والے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا دریائے سندھ پر پانی کا منصوبہ براہ راست پاکستان کی آبی سلامتی کے لیے خطرہ ہے اور اسے مئی میں بھارت کی ایک عسکری جھڑپ میں شکست سے جوڑتے ہوئے تنقید کی۔

متھن سے جب بلاول کے بیان سے متعلق صحافی نے سوال کیا تو انہوں نے طنزیہ لہجے میں مزید کہا، ’ہم نے یہ بھی سوچا ہے کہ ایک ڈیم بنائیں جہاں 140 کروڑ لوگ پیشاب کریں، پھر اس ڈیم کو کھول دیں، اور سونامی آجائے‘۔

متھن نے واضح کیا کہ ’مجھے پاکستان کے عوام سے کوئی مسئلہ نہیں، یہ سب میں نے صرف اس (بلاول بھٹو) کے لیے کہا ہے۔‘

یہ پہلا موقع نہیں کہ بلاول بھٹو نے اس نوعیت کی وارننگ دی ہو۔ جون میں انہوں نے پاکستان کی پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ اگر پاکستان کو اس کے حصے کا پانی نہ ملا تو ’’جنگ ہوگی‘‘۔

واضح رہے کہ بھارت نے اپریل میں 1960 کا سندھ طاس معاہدہ معطل کر دیا تھا، یہ فیصلہ پہلگام حملے کے چند دن بعد کیا گیا تھا جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کہہ چکے ہیں کہ سندھ طاس معاہدہ اب کبھی بحال نہیں ہوگا۔

Similar Posts