نوجوان نسل کے ہر دلعزیز گلوکار حسن رحیم، جو اپنی منفرد گائیکی اور خوش اخلاقی کے باعث لاکھوں دلوں پر راج کرتے ہیں، اب باقاعدہ طور پر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو چکے ہیں۔
حسن رحیم کا تعلق چترال سے ہے اور وہ ہمیشہ سادہ مزاج اور پرامن شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
کچھ عرصہ قبل، حسن رحیم نے ایک گانے کی ریلیز کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ شادی کے لباس میں نظر آ رہے تھے۔

اس تصویر کو دیکھ کر مداحوں کو گمان ہوا کہ وہ واقعی شادی کر رہے ہیں، اور یہ خبر تیزی سے وائرل ہو گئی۔ تاہم، بعد میں معلوم ہوا کہ یہ تصویر دراصل ان کے گانے کے پرومو کا حصہ تھی، جس سے مداح وقتی طور پر مایوس ہوئے۔

اب حسن رحیم نے حقیقتاً شادی کر لی ہے۔ ان کی شادی کی تقریب پرل کانٹینینٹل بھوربن میں منعقد ہوئی، جہاں وہ چترالی روایتی لباس میں نہایت خوش نظر آئے۔ ان کی دلہن نیلے لہنگے میں دلکش دکھائی دیں۔ یہ جوڑا نہایت خوبصورت لگ رہا تھا اور تقریب میں قریبی رشتہ دار اور دوست احباب شریک ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق، حسن رحیم کی دلہن ان کی کزن ہیں۔ سوشل میڈیا پر اس خوشی کے موقع کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں اور مداحوں کی جانب سے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔