فیلڈ مارشل عاصم منیر کو امریکا خطے میں اسٹریٹجک ثالث کے طور پر دیکھ رہا ہے، فنانشل ٹائمز رپورٹ

0 minutes, 0 seconds Read

برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جنوبی ایشیا میں ایک اسٹریٹجک ثالث کے طور پر دیکھ رہے ہیں، جبکہ وائٹ ہاؤس میں ان کی پذیرائی پر بھارت ناراض ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا حالیہ دورہ امریکا نے خطے کی سیاسی صورتحال کو بدل دیا ہے اور اس دوران پاکستان کی سینئر فوجی قیادت نے امریکی مفادات کو اپنے حق میں راغب کرنے کے لیے ایک منظم حکمت عملی اپنائی۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حالیہ دورہ امریکا پر تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اس دورے نے نہ صرف پاک امریکا تعلقات میں غیر متوقع گرمجوشی پیدا کی بلکہ خطے کی سیاسی صورتحال میں بھی اہم تبدیلیاں لائیں۔

فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ امریکا میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا گیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل مائیکل کوریلا کی ریٹائرمنٹ پر فلوریڈا میں منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کی۔

رپورٹ کے مطابق امریکا اب فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جنوبی ایشیا میں ایک اسٹریٹجک ثالث کے طور پر دیکھ رہا ہے، جو نہ صرف پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات کے حل میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے بلکہ خطے کی سیاسی صورت حال کو بھی بہتر بنا سکتا ہے۔

فنانشل ٹائمز کی رپورٹ میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ بھارت اس دورے پر خاصا ناراض ہے، کیونکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو وائٹ ہاؤس میں پذیرائی ملنے کے بعد مودی اور ٹرمپ کے درمیان کشیدگی کی بھی اطلاع ہے جبکہ پاکستان نے جنگ بندی کے سہولت کار کے طور پر امریکی صدر کو پیش کیا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان پر امریکی تجارتی ٹیکس 19 فیصد جبکہ بھارت پر50 فیصد سخت ٹیکس عائد کیے گئے، جو اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان نے اپنے مؤثر اقدامات اور سفارتی حکمت عملی کے ذریعے امریکا سے اہم مفادات حاصل کیے ہیں۔

برطانوی اخبار کے مطابق اس دورے کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کرنے کا وعدہ کیا اور ساتھ ہی پاکستان کے تیل کے ذخائر کی ترقی کے لیے معاہدے کا بھی ذکر کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے نے پاکستان کی سفارتی حکمت عملی کو نئی سمت دی اور عالمی سطح پر خطے کی سیاسی صورتحال پر اثر ڈالا۔ پاکستان کی سینئر فوجی قیادت نے امریکی مفادات کے مطابق ایک منظم حکمت عملی اپنائی، جس سے نہ صرف پاک امریکا تعلقات مستحکم ہوئے بلکہ جنوبی ایشیا کے سیاسی منظرنامے میں بھی اہم تبدیلیاں آئیں۔

Similar Posts