ویسٹ انڈیز سے 34 سال بعد ون ڈے سیریز میں تاریخ ساز شکست پر پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان صفائیاں دینے لگے۔ انہوں نے کہا کہ آخری 10 اوورز میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہم سے میچ دور لے گئی، قسمت نے بھی ساتھ نہیں دیا، جیڈن سیلز نے پوری سیریز میں ہمیں پریشان کیا۔
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو آخری اور فیصلہ کن ون ڈے میں 202 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر 3 میچز پر مشتمل سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی ہے۔
میچ کے بعد گفتگو میں ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ویسٹ انڈیز سے شکست کی وجہ جلد وکٹیں گرنے کو قرار دیا اور کہا کہ ابتدائی 40 اوورز تک میچ ہمارے ہاتھوں میں تھا لیکن پھر ویسٹ انڈین بیٹرز نے شاندار بیٹنگ کی۔
رضوان نے کہا کہ شائی ہوپ نے عمدہ اننگز کھیلی، ہدف کے تعاقب میں3 وکٹیں جلد گرنے کے بعد سنبھل نہ سکے ، جیڈن سیلز نے پوری سیریز میں بہت اچھی بولنگ کی ہے ۔
قومی ٹیم کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ایک پچ پر تیسرا میچ کھیل رہے تھے، آخری 10 اوورز میں ویسٹ انڈین بیٹرز نے بہت اچھی بیٹنگ کی،کہہ سکتےہیں کہ ہمارے پاس پانچواں بولرنہیں، صائم، سلمان 8 ، 8 اوورزکرتے ہیں۔