امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے میڈیا میں غلط رپورٹنگ کی جا رہی ہے۔ کہا میڈیا مسلسل نکالے گئے ناکام اور ڈفر لوگوں کے بیانات چلارہا ہے جو ناکام ہو چکے ہیں اور انہیں سیاسی میدان سے نکال دیا گیا ہے۔
رمریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے متوقع ملاقات کے حوالے سے میڈیا کی رپورٹنگ پر شدید تنقید کی، اور اسے تعصب اور کرپشن کا نتیجہ قرار دیا۔
انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ٹروتھ سوشل“ پر لکھا ”پیوٹن کے ساتھ میری ملاقات کے بارے میں بہت غیر منصفانہ میڈیا کام کر رہا ہے۔“
ٹرمپ نے کہا، ”یہ لوگ پیوٹن کے ساتھ میری ملاقات سے پہلے ہی یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ پیوٹن جیت چکا ہے، لیکن حقیقت میں ہم ہر چیز میں جیت رہے ہیں۔“
ٹرمپ نے ان میڈیا اداروں کی مذمت کی جو دعویٰ کر رہے ہیں کہ ”پیوٹن پہلے ہی جیت چکا ہے“ حالانکہ ملاقات امریکی سرزمین پر ہو رہی ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا: ”میڈیا کسی بھی سفارتی کامیابی کو تنقید کا نشانہ بنائے گا، چاہے میں پیوٹن کے ساتھ مذاکرات میں ’ماسکو اور لینن گراڈ آزاد‘ بھی کر دوں۔“
انہوں نے مزید کہا کہ یہ الزامات اور رپورٹنگ صرف ان لوگوں کی جانب سے ہیں جو کبھی بھی کامیاب نہیں ہوئے اور اب اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے جھوٹ بول رہے ہیں۔
ٹرمپ کے مطابق، ان کی پیوٹن کے ساتھ ملاقات ایک اہم موقع ہے اور وہ اس میں کامیاب ہوں گے، لیکن میڈیا اسے غلط انداز میں پیش کر رہا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا: ”ہم ہر چیز میں جیت رہے ہیں!“ اور صحافیوں کو ”کرپٹ“ اور ”بیمار اور جھوٹے لوگ“ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ شاید ”ہمارے ملک سے نفرت کرتے ہیں۔“
اس ملاقات سے پہلے، ٹرمپ آج دوپہر 2 بجے (1200 GMT) جرمن چانسلر فریڈریک مرز اور یوکرائنی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ ایک ورچوئل کانفرنس میں شرکت کریں گے، جس میں یورپی رہنماؤں کے ساتھ مل کر اپنی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے 15 اگست کو امریکی ریاست الاسکا میں ملاقات متوقع ہے۔