پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی اور معرکہ حق میں کامیابی کی مناسبت سے اسلام آباد جناح گراؤنڈ میں شاندار اور پروقار تقریب جاری ہے، جس میں صدر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سمیت اعلیٰ سول و عسکری قیادت شریک ہے۔
تفصیلات کے مطابق 78ویں جشن آزادی اور معرکہ حق میں کامیابی کی مناسبت سے منعقد تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بطور مہمانِ خصوصی شریک ہیں۔
اس کے علاوہ اعلیٰ عسکری قیادت اور دوست ممالک کے سفرا، وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود ہیں۔ تقریب میں آصفہ بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف بھی شریک ہیں۔
مرکزی تقریب کا آغاز قرآن مجید فرقان حمید کی تلاوت سے ہوا اور قومی ترانہ پیش کیا گیا، جس کے بعد تینوں مسلح افواج پر مشتمل میوزک بینڈ نے شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا جبکہ پنجاب رینجرز اور ایف سی خیبرپختونخوا کے دستوں نے بھی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔
تقریب کے دوران صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت دیگر شرکا نے اپنی سیٹوں پر کھڑے ہوکر قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔
پروقار تقریب میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرتب دکھائے۔ پریڈ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل محمد عمر اعوان نے صدر مملکت آصف زرداری کو پریڈ پیش کی، پریڈ نے مہمان خصوصی کو سلام پیش کیا۔ طیاروں کی گھن گرج سن کر شہری بھی پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے رہے۔
بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی اور یومِ آزادی کی خوشی میں ملک بھر میں جشن کا سماں ہے، ملک کے تمام شہروں، گلیوں اور محلوں میں ہر جانب سبز ہلالی پرچموں کی بہار چھا گئی ہے۔
اسلام آباد کے شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں عوام کے لیے معرکہ حق میں استعمال ہونے والے طیارے، ٹینک، توپیں، ریڈارز اور دیگر عسکری ساز و سامان کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی میں قرارداد منظور
دوسری جانب قومی اسمبلی میں یومِ آزادی اور معرکہ حق کے موقع پر متفقہ قرارداد منظور کی گئی، جس میں وطن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملکی سالمیت اور خود مختاری کے تحفظ کے عزم کو ایک بار پھر دہرایا گیا۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان معرکہ حق میں اپنے ملک کا جرات مندانہ تحفظ کرنے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، معرکہ حق کے دوران عوام کی اپنی افواج کو دی جانے والی پشت پناہی کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، ایوان تمام شہریوں کو پاکستان کی ترقی، خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کی تلقین کرتا ہے۔