ملک بھر میں آج بھارت کے خلاف تاریخی فتح اور آزادی کا جشن منایا جارہا ہے، کراچی میں رات 12 بجتے ہی مختلف علاقوں میں آتش بازی کے ساتھ شدید ہوائی فائرنگ کی گئی۔ خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کی سخت وارننگ کے باوجود شہر میں ہوائی فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے جن میں دو خواتین سمیت 6 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق لیاقت آباد ڈاکخانہ کے قریب اندھی گولی لگنے سے وسیم نامی شہری زخمی ہوا، جبکہ ایف سی ایریا شریف آباد میں لڑکی فلورنس اور وقار علی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہوئے۔
اسی طرح مچھر کالونی ڈاکس کے قریب عثمان نامی شخص، لیاری کلاکوٹ میں رمیز اور لیاری کلری میمن سوسائٹی میں اشفاق زخمی ہوئے۔ ایم اے جناح روڈ کے قریب فائرنگ سے فوزیہ نامی خاتون بھی گولی کا نشانہ بنی۔
علاوہ ازیں، اورنگی ٹاؤن ڈبہ موڑ اور لیاقت آباد کے علاقوں میں بھی فائرنگ کے واقعات پیش آئے جہاں دو خواتین زخمی ہوئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق تاحال کراچی بھر میں ہوائی فائرنگ کے باعث زخمی ہونے والوں کی تعداد 6 ہوچکی ہے۔