عوامی ایکسپریس کو حادثہ، ایک مسافر جاں بحق 19 زخمی

0 minutes, 0 seconds Read

پشاور سے کراچی جانے والی عوامی ایکسپریس ٹرین لودھراں جنکشن کے قریب خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ رات دو بج کر دس منٹ پر اس وقت پیش آیا جب ٹرین مقڑہ اسٹیشن پر نہ رک سکی اور آگے کھڑی مال گاڑی کے انجن سے جا ٹکرائی۔

حادثے کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق جبکہ 19 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

زخمیوں اور لاش کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق تصادم کے باعث عوامی ایکسپریس کی پانچ بوگیاں ریلوے ٹریک سے اتر گئیں، جن میں سے تین کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور بوگیوں میں پھنسے مسافروں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر سمیت ضلعی انتظامیہ بھی جائے حادثہ پر پہنچی۔

ریلوے حکام کے مطابق اپ اور ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت متاثر نہیں ہوئی اور عوامی ایکسپریس کو بھی مرمت اور کلیئرنس کے بعد دوبارہ روانہ کردیا گیا ہے۔

Similar Posts