مائیکروسوفٹ کے بانی اور بزنس کی دنیا کا بڑا نام بل گیٹس کو شاید کبھی کسی جاب انٹرویو کا سامنا نہ کرنا پڑے، لیکن 2020 میں انہوں نے باسکٹ بال اسٹار اسٹیفن کری کے یوٹیوب شو ’اسٹیٹ آف انسپیریشن‘ میں ایک فرضی انٹرویو میں حصہ لیا۔ اس انٹرویو میں گیٹس نے مائیکروسافٹ میں اپنے پہلے دن کی طرح ایک کالج ڈراپ آؤٹ سوفٹ ویئر انجینیئر کے طور پر جاب اپلائی کی۔
انہوں نے کلاسک انٹرویو سوالات جیسے ’ہمیں آپ کو کیوں منتخب کرنا چاہیے؟‘ اور ’آپ کی تنخواہ کی توقعات کیا ہیں؟‘ کے جوابات دیے۔ گیٹس کے جوابات نہ صرف ہوش مند تھے، بلکہ ان میں نوکری کے امیدواروں کے لیے قیمتی مشورے بھی تھے جو مشکل اور غیر یقینی مارکیٹ میں نوکری حاصل کرنے کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔
99 فیصد دولت انسانیت پر نچھاور، بل گیٹس کا بڑا فیصلہ
سب سے بڑا سوال: ’ہمیں آپ کو کیوں ہائر کرنا چاہیے؟‘
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے، گیٹس نے اپنے کوڈنگ کے جذبے اور خود سیکھے گئے پروگرامنگ تجربات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا، ’آپ کو میرے لکھے گئے کوڈز دیکھنے چاہئیں۔ میں ایسے سافٹ ویئر پروگرام لکھتا ہوں جو کسی بھی کلاس سے آگے ہیں۔ وقت کے ساتھ میں اپنی صلاحیتوں میں بہتری لایا ہوں، تو آپ یہ دیکھ سکتے ہیں کہ میں کتنی محنت کرتا ہوں۔‘
لیکن انہوں نے صرف تکنیکی مہارت پر اکتفا نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا، ’میرے خیال میں، میں لوگوں کے ساتھ اچھی طرح کام کر سکتا ہوں۔ میں ان کے کوڈ پر تھوڑا سختی سے تنقید کروں گا، لیکن مجموعی طور پر، میں ایک ٹیم کا حصہ بننا پسند کرتا ہوں۔ میں بڑی امبیشن رکھنے والا ہوں، اور مستقبل کے بارے میں سوچنے میں دلچسپی رکھتا ہوں۔ سافٹ ویئر بہت دلچسپ ہے، اور میں اس میں شامل ہونا چاہتا ہوں۔‘
مصنوعی ذہانت (اے آئی) کن تین شعبوں میں کام کرنے والوں کی نوکری نہیں کھا سکتی؟ بل گیٹس کا انکشاف
اس جواب سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ آج کل کے ریکروٹرز صرف مہارت کو نہیں بلکہ ایک ٹیم کے کھلاڑی کی ضرورت بھی رکھتے ہیں، جو بدلتے حالات کے ساتھ ڈھال سکے، نئے چیلنجز کا سامنا کرے اور اپنے کام کے حوالے سے جوش و جذبہ رکھتا ہو۔
طاقت، کمزوریوں اور ایمانداری کی اہمیت
جب گیٹس سے ان کی کمزوریوں کے بارے میں پوچھا گیا، تو انہوں نے یہ تسلیم کیا کہ وہ سیلز یا مارکیٹنگ میں فطری نہیں ہیں، اور وہ مصنوعات کی تخلیق اور تعریف پر زیادہ توجہ دینا پسند کرتے ہیں۔
ان کی یہ ایمانداری اس بات کا غماز ہے کہ انٹرویو میں سچ بولنا آپ کو کمزوری کے بجائے مضبوط بنا سکتا ہے، بشرطیکہ آپ یہ واضح کریں کہ آپ کی کیا خصوصیات ہیں اور آپ ٹیم میں کس طرح اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔
تنخواہ کی توقع: بل گیٹس کا طریقہ
تنخواہ کے موضوع پر بات کرتے ہوئے، گیٹس نے اس سوال کو بہت آرام سے نمٹایا۔ ’میں امید کرتا ہوں کہ آپ کے پاس آپشن پیکج اچھا ہو گا۔ میں رسک لینے کے لیے تیار ہوں، اور میں سمجھتا ہوں کہ کمپنی کا مستقبل روشن ہے، اس لیے میں نقد رقم کی بجائے اسٹاک آپشنز کو ترجیح دوں گا۔ میں نے سنا ہے کہ کچھ دوسری کمپنیاں بہت زیادہ ادائیگی کر رہی ہیں، لیکن میرے ساتھ منصفانہ سلوک کریں اور آپشنز پر زور دیں‘
اس جواب سے دو اہم باتیں سامنے آئیں، ایک تو گیٹس نے کمپنی کے مستقبل پر اعتماد ظاہر کیا، اور دوسرے، انہوں نے ایک سمارٹ انداز میں تنخواہ کی بات کی۔ اسٹاک آپشنز کی طرف توجہ دے کر، انہوں نے خود کو ایک ایسا شخص دکھایا جو کمپنی کے ساتھ بڑھنا چاہتا ہے۔
کونسے 3 شعبے اے آئی کی پکڑ سے محفوظ رہیں گے؟ بل گیٹس نے بتا دیا
نوکری کے امیدواروں کے لیے سبق
اسٹیفن کری نے بہترین طریقے سے اس بات کو سمیٹتے ہوئے کہا، ’بل گیٹس کے فرضی انٹرویو کے جوابات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ آپ کو خود پراعتماد، پرجوش اور سیکھنے کے لیے تیار دکھانا چاہیے۔‘
ریکروٹرز صرف مہارت کو نہیں دیکھتے، بلکہ وہ ایسے امیدوار کی تلاش میں ہوتے ہیں جو ٹیم ورک میں ماہر ہو، اپنی کمزوریوں کے بارے میں ایماندار ہو، اور سمارٹ طریقے سے مذاکرات کر سکے۔ چاہے آپ کا شعبہ کوڈنگ ہو، سیلز ہو یا ڈیزائن، آج کے آجر یہ چاہتے ہیں کہ آپ اپنے کام سے محبت کریں اور ٹیم کے ساتھ بڑھنے کے لیے تیار ہوں۔