پاکستان میں کیش لیس ڈیجیٹل معیشت کیسے کام کرے گی؟

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان میں کیش لیس ڈیجیٹل معیشت کیسے کام کرے گی؟ اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت معیشت کی ڈیجیٹایزیشن اور لین دین کے نظام کو کیش لیس اور ڈیجیٹل نظام پر لے جانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کیش لیس و ڈیجیٹل معیشت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، وزیراعظم نے کیش لیس معیشت کی جانب اٹھائے گئے اقدامات اور پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت معیشت کی ڈیجیٹائزیشن اور لین دین کے نظام کو کیش لیس اور ڈیجیٹل نظام پر لے جانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ راست کے نظام کو ضلعی حکومتوں کی سطح پر لے جانے کے حوالے سے تمام چیف سیکرٹریز وفاقی حکومت سے بھرپور تعاون کریں۔

اس موقع پر اجلاس کو کیش لیس معیشت کے اقدامات پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی کہ پاکستان ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے ذریعے ڈیجیٹل آئی ڈیز بنائی جائیں گی جن میں ہر شخص قومی شناختی کارڈ ، بائیو میٹرک اور موبائل فون نمبرز کی معلومات ہوں گی۔

شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ انہی ڈیجیٹل آئی ڈیز کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیاں کی جا سکیں گی، صوبائی حکومتوں نے پبلک کو گورنمنٹ اور گورنمنٹ ٹو پبلک ادائیگیوں کے نظام کو راست سے منسلک کرنے کے حوالے سے نمایاں پیشرفت دکھائی ہے۔

ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تعمیر کے حوالے سے وفاقی ترقیاتی ادارے نے فائبر کنیکٹویٹی پر رائٹ آف وے دے دیا ہے جبکہ پاکستان ریلوے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی سے اس حوالے سے بات چیت جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کیلیے پارٹی وفد نامزد کردیا

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کے لیے پارٹی وفد نامزد کردیا ہے۔

سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نمائندگی کریں گے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس آج اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہو رہی ہے۔

Similar Posts