سابق بھارتی انجینئر پر ’انٹیل‘ کی خفیہ معلومات لیک کرنے پر ہزاروں ڈالرز کا جرمانہ عائد

0 minutes, 0 seconds Read

امریکہ کی ایک عدالت نے سابقہ بھارتی انٹیل (Intel) انجینئر کو کمپنی کے تجارتی راز مائیکروسافٹ کے ساتھ شیئر کرنے پر سزا سنائی ہے۔ عدالت نے انہیں ’دو سال پروبیشن‘ (معمولی نگرانی کے تحت رہائی) اور ’34 ہزار ڈالر سے زائد جرمانہ‘ ادا کرنے کا حکم دیا۔

بین الاقوامی میڈیا اور انڈیا ٹوڈے کے مطابق یہ بھارتی انجینئر ’ورون گپتا‘ ہیں، جو تقریباً دس سال تک انٹیل میں کام کرتے رہے۔ وہ بعد میں مائیکروسافٹ میں اعلیٰ عہدے پر تعینات ہوئے، لیکن راز افشا کرنے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد وہاں سے بھی برطرف کر دیے گئے۔

امریکی پراسیکیوٹر کے مطابق، گپتا نے 2020 میں انٹیل چھوڑنے سے پہلے ہزاروں خفیہ فائلز اپنے ساتھ لے لی تھیں۔ ان دستاویزات میں ’انٹیل کی پرائسنگ اسٹریٹجی‘ جیسی حساس معلومات بھی شامل تھیں۔ انہوں نے ان معلومات کو استعمال کرتے ہوئے مائیکروسافٹ کی جانب سے انٹیل کے ساتھ معاہدوں میں حصہ لیا۔

پراسیکیوٹر نے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا تاکہ آئندہ کوئی اور ایسا قدم نہ اٹھائے، لیکن گپتا کے وکیل نے کہا کہ ان کا مؤکل پہلے ہی اپنی ملازمت، کیریئر اور شہرت کھو چکا ہے۔

گپتا نے عدالت میں معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ روز اپنے مستقبل اور اپنی پہچان کے بارے میں سوچتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اب ٹیکنالوجی کے شعبے سے نکل کر اپنے خاندان کے ساتھ فرانس منتقل ہو چکے ہیں اور ’انگور کے باغات کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں‘ تاکہ مستقبل میں وائن انڈسٹری میں کام کر سکیں۔

Similar Posts