راولا کوٹ اور دریائے نیلم میں گاڑیوں کے حادثات، خاتون لیکچرار، کراچی کے میاں بیوی سمیت 6 افراد جاں بحق

0 minutes, 0 seconds Read

راولا کوٹ اور دریائے نیلم میں گاڑیوں کے حادثات میں کراچی سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی سمیت 6 افراد جاں بحق اور بچی زخمی ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر کے علاقے مظفرآباد میں دریائے نیلم میں سرداری کے مقام پر سیاحوں کی جیپ کھائی میں گرگئی ہے۔ حادثے میں کراچی سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی سمیت 5 سیاح جاں بحق اور بچی زخمی ہوگئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق جیپ کیل سے تاؤبٹ ہلمت جا رہی تھی کہ بارش اور پھسلن کے باعث دریائے نیلم کے کنارے کھائی میں جاگری۔

گاڑی میں کراچی سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی اور ان کی بچی سمیت 6 افراد سوار تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں جیپ ڈرائیور اور ایک مقامی شخص بھی شامل ہیں۔

جیپ حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمی بچی کو ریسکیو کرکے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

راولا کوٹ میں کار نالے میں بہہ گئی، پونچھ یونیورسٹی کی خاتون لیکچرار جاں بحق

دوسری جانب پولیس کے مطابق راولا کوٹ میں پونچھ یونیورسٹی کے تراڑ کیمپس کے قریب کار نالے میں بہہ گئی جس کے نتیجے میں پونچھ یونیورسٹی کی خاتون لیکچرار جاں بحق ہوگئیں۔

پولیس کا کہنا ہےکہ لیکچرار کی گاڑی تراڑ کیمپس کے قریب نالے سے گزر رہی تھی کہ گاڑی بند ہوگئی، اس دوران نالے میں زیادہ پانی آنے کی وجہ سے گاڑی بہہ گئی، حادثے میں جاں بحق خاتون گل لالہ کا تعلق راولاکوٹ کے نواحی علاقے کھڑک سے تھا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ نالہ تراڑ میں بہہ جانے والی گاڑی میں ڈاکٹر گل لالہ بھی موجود تھیں جن کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

Similar Posts