پیوٹن کا امریکی شہری کو موٹرسائیکل کا تحفہ — پس منظر کیا ہے؟

0 minutes, 0 seconds Read

امریکی ریاست الاسکا کے شہر اینکرج میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی جب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایک مقامی موٹر سائیکل شوقین شہری کو نئی ”یورال“ بائیک بطور تحفہ دے دی۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ واقعہ صدر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ ملاقات کے دوران پیش آیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے الاسکا میں شرکت کی۔

روسی سفارت خانے کے سینئر اہلکار آندرے لیدینیف نے ہوٹل کی پارکنگ میں اینکرج کے رہائشی مارک وارن کو روسی صدر کا پیغام دیتے ہوئے ”یورال“ موٹرسائیکل اور اس کی چابی پیش کی اور کہا کہ یہ تحفہ صدر پیوٹن کی جانب سے ہے۔

مارک وارن، جو برسوں سے ”یورال“ موٹرسائیکل چلا رہے ہیں، روسی سرکاری چینل ”روسیا-1“ کی ایک رپورٹ میں پہلی بار سامنے آئے تھے۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ پرانی بائیک کے پرزے، خاص طور پر اسٹارٹر، حاصل کرنے میں مشکلات درپیش ہیں کیونکہ یہ یوکرین میں بنتے ہیں، اور روس پر عائد پابندیوں کے باعث ان کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔

اس رپورٹ کے چند روز بعد روسی سفارت کاروں نے ایک نئی بائیک مارک کو فراہم کر دی، جس پر وہ حیران اور خوش دکھائی دیے۔

روسی ٹی وی پر نشر ہونے والی فوٹیج میں انہیں نئی موٹرسائیکل چلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ مارک نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن اور رات کا فرق ہے۔ مجھے اپنی پرانی بائیک پسند تھی، لیکن یہ اس سے کہیں بہتر ہے۔

مارک وارن نے ہنستے ہوئے کہا کہ اگر صدر پیوٹن اور ٹرمپ الاسکا میں ہی روس اور یوکرین تنازع حل کر لیں تو یہ ان جیسے شہریوں کے لیے یقیناً بہتر ہوگا۔

واضح رہے کہ ”یورال“ موٹرسائیکل ایک مشہور سوویت برانڈ ہے جس کی بنیاد 1941 میں رکھی گئی تھی۔

اگرچہ اس کمپنی کا دفتر اب امریکی ریاست واشنگٹن میں ہے اور بائیکس قازقستان میں اسمبل کی جاتی ہیں، تاہم روس اور یوکرین جنگ کے بعد کمپنی نے روس سے پیداوار مکمل طور پر ختم کر دی ہے۔

Similar Posts