آزاد کمشیر، مانسہرہ اور مری کے تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان

0 minutes, 0 seconds Read

خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث 2 روز کے لیے اسکول بند کر دیے گئے ہیں جبکہ مری انتظامیہ نے آئندہ 2 روز کے لیے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کردیا ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر میں طوفونی بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ، کلاؤڈ برسٹ اور طغیانی کے خدشہ کے پیش نظر اسکولوں میں تعطیلات کردی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ضلع مانسہرہ میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

ڈی سی مانسہرہ کے مطابق مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام زنانہ اور مردانہ اسکول 2 روز کے لیے بند رہیں گے۔

ڈپٹی کمشنر مانسہرہ نے کہا کہ مون سون بارشوں کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسکول 19 اگست تک بند رہیں گے تاکہ طلبہ اور عملے کو کسی قسم کے خطرے سے بچایا جا سکے۔

مری میں 2 روز کے لیے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان

پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر مری انتظامیہ نے آئندہ 2 روز کے لیے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کردیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر مری کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مری میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، مری میں صبح سے ابتک تقریباً 74 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جبکہ آئندہ 2 روز کے دوران راولپنڈی، مری، جہلم، چکوال اور اٹک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

ترجمان کے مطابق ممکنہ طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

آزاد کشمیر کے اسکولوں میں بھی تعطیلات

ادھر آزاد کشمیر میں طوفونی بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ، کلاؤڈ برسٹ اور طغیانی کے خدشہ کے پیش نظر اسکولوں میں تعطیلات کردی گئی ہیں۔

سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن نے تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ جس کے مطابق تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 19 اگست سے 23 اگست تک بند رہیں گے۔

محکمہ موسمیات اور سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آزاد کشمیر میں شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ، دریاوں اور ندی نالوں میں طغیانی کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔

یاد رہے کہ 15 اگست جمعے سے خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں نے ہرطرف تباہی مچائی ہوئی ہے، بادل پھٹنے اور سیلاب سے اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 325 تک پہنچ گئی جبکہ 156 زخمی ہیں۔

سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر میں بھی 217 افراد لقمہ اجل بنے، حادثات سوات، بونیر، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر اور بٹگرام میں پیش آئے۔

جاں بحق 325 افراد میں 274 مرد، 30 خواتین اور 21 بچے جبکہ زخمیوں میں 123 مرد، 23 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔ بارشوں اور فلیش فلڈ سے 339 گھروں نقصان پہنچا، جن میں سے 106 گھر مہندم ہوئے جبکہ 233 کو جزوی نقصان پہنچا۔

کل 19اگست کو بھی شدید بارشوں کا امکان ہے جبکہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

Similar Posts