کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے موسلا دھار بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن معمار، واٹر پمپ، عائشہ منزل، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن ،گرومندر، لسبیلہ، صدر اور لیاقت آباد اور اطراف میں بارش جاری ہے۔
علاوہ ازیں نارتھ ناظم آباد، حیدری اور ملحقہ علاقوں میں بھی تیز بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسپیل کے دوران شہر کے بیشتر مقامات پر 40 سے 50 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے، جبکہ چند مقامات پر 70 سے 80 اور کہیں کہیں 100 ملی میٹر بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر 70 سے 80 اور کہیں کہیں 100 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔
کے الیکٹرک اور ٹریفک پولیس کی ہدایت
کراچی میں بارشوں کے پیش نظر کے الیکٹرک کی ہدایت سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا کہ شہری بارش کے دوران برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں، ٹوٹے تاروں، بجلی کے ترسیلی تنصیبات سے فاصلہ رکھیں
کے الیکٹرک نے کہا کہ نشیبی علاقوں میں پانی کے سبب عارضی بجلی بند کی جاسکتی ہے۔
ٹریفک پولیس نے بھی شہریوں سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ اسپیڈ کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے فاصلہ رکھیں، اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔
ٹریفک پولیس کا مزید کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار حضرات سڑک کی بائیں سائیڈ استعمال کریں۔
واضح رہے محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی تھی۔
محکمہ موسمیات نے 17 سے 19 اگست تک سندھ کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی تھی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی میں بارش کا سلسلہ 23 اگست تک جاری رہ سکتا ہے اور اس دوران تیز بارش کے ایک سے دو اسپیل آئیں گے جس سے اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔
اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا تھا کہ شدید بارش، آندھی اور بجلی گرنے کے باعث روزمرہ معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔
شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔