وزیراعظم شہباز شریف نے آج سوات، بونیر، شانگلہ اور صوابی کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی تھے، جنہوں نے وزیراعظم کے ساتھ ریلیف آپریشنز کی تفصیلات پر بریفنگ لی۔
وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سب سے پہلے سوات پہنچنے جہاں وفاقی وزیر امیرمقام نے دونوں کا استقبال کیا جبکہ وفاقی وزراء عطاء تارڑ، امیر مقام اور احسن اقبال بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے۔
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے سوات کے بعد بونیر، شانگلہ اور صوابی کا دورہ کیا جہاں انہیں کے پی میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے دورا ن سفر بونیر اور شانگلہ کے متاثرہ علاقوں میں سیلابی صورت حال اور نقصانات کا فضائی جائزہ لیا۔
وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا اور ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ وزیراعظم اور شرکاء نے جاں بحق افراد کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور فوج تمام دستیاب وسائل کے ساتھ متاثرین کی امداد میں مصروف ہیں ، وفاقی حکومت اور پاک فوج متاثرین کی بحالی کےلیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
وزیراعظم نے ہدایات جاری کیں کہ ریلیف آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے اور ہر ممکن امداد فراہم کی جائے تاکہ متاثرین کی مشکلات کم کی جا سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کے دوران تجاوزات، ٹمبر مافیا اور آبی گزرگاہوں میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط ریاست کے طور پر ہمیں اپنے قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہوگا، جہاں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہ ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ تجاوزات اور مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
دورے کے دوران، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوج، پولیس اور سول انتظامیہ کے جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی بے لوث خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت اور ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں پاک فوج اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔