ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں شدید بارشیں: 7 افراد ہلاک، 400 پروازیں تاخیر کا شکار

0 minutes, 0 seconds Read

بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں شدید بارشوں کے بعد ہونے والے مختلف واقعات 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، ممبئی سمیت ریاست مہاراشٹرا کے دیگر شہروں میں شدید بارشیں جاری ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد حادثات پیش آئے ہیں۔

بارشوں کے بعد ممبئی میں سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر، اسکول اور کالجز بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ شہر کی پروازیں اور ریل سروس بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ممبئی یونیورسٹی نے تمام امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، 400 سے زائد پروازیں بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں۔ ایئر لائنز، بشمول انڈیگو اور اسپائس جیٹ، نے مسافروں کو آگاہ کیا ہے کہ پروازوں پر بارش کا اثر پڑ سکتا ہے۔

شدید بارشوں کے باعث ممبئی میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جس سے روزمرہ کی زندگی متاثر ہو رہی ہے اور کئی مقامی ٹرین سروسز معطل ہو چکی ہیں۔ آج بھی ممبئی میں شدید بارش کے لئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، اور محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں تک مزید بارشوں کا امکان ہے۔

بارشوں کے دوران 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور مختلف علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے اور عمارات کے ملبے کے باعث متعدد لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

کرناٹک، گجرات، مہاراشٹرا اور گووا میں شدید بارش کا خطرہ

انڈیا میٹیرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے آج کرناٹک، گجرات، مہاراشٹرا، کونکن اور گووا میں انتہائی شدید بارش کے باعث ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ چھتیس گڑھ، کیرالہ، مہے، تلنگانہ اور ودربھا میں بھی تیز سے انتہائی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

آئی ایم ڈی کے مطابق شمال مشرقی بھارت، ساحلی آندھرا پردیش، مشرقی راجستھان، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر، لداخ اور گلگت بلتستان- مظفر آباد میں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ اگلے تین سے چار دنوں کے دوران جنوبی جزیرہ نما اور اس کے قریب وسطی بھارت میں مون سون فعال رہے گا۔

Similar Posts