پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان حال ہی میں سیاحت کے لیے نتھیا گلی گئی تھیں، جہاں واپسی کے سفر کے دوران انہیں ایک ہولناک تجربے سے گزرنا پڑا۔
خیبر پختونخوا میں حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب نے نہ صرف سینکڑوں افراد کی جانیں لے لیں بلکہ ہزاروں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ان خطرناک موسمی حالات کا سامنا پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان کو بھی ہوا، جنہوں نے اپنی زندگی کے ایک خوفناک لمحے کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔
انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری ماہرہ نے لکھا، ”کل نتھیا گلی سے واپس آتے ہوئے بہت خوفزدہ تھی۔ صرف یہ ہی خیال تھا کہ کہیں لینڈ سلائیڈ نہ ہو جائے یا درخت نہ گر جائے۔ بے بسی محسوس ہو رہی تھی۔“
اداکارہ نے لکھا کہ اس دوران ان کا ذہن بار بار ان ہزاروں لوگوں کی طرف جا رہا تھا جو حالیہ سیلاب اور طوفانی بارشوں سے متاثر ہوئے ہیں۔ ”سوچ رہی تھی کہ اگر مجھے اتنا خوف محسوس ہو رہا ہے، تو ان کا کیا حال ہو گا جنہوں نے اپنے پیارے یا گھر کھو دیے ہیں۔“
اداکارہ نے مزید لکھا،”اب میں محسوس کر سکتی ہوں کہ قدرتی آفات کے سامنے انسان کتنا بے بس ہوتا ہے۔ وہ لمحے جب آپ کے پاس کچھ کرنے کی طاقت نہیں ہوتی، صرف دعا ہی رہ جاتی ہے۔“
ماہرہ خان نے اپنی پوسٹ کے آخر میں بارشوں سے متاثرہ تمام افراد کے لیے دعا کرتے ہوئے اللہ سے رحم اور حفاظت کی درخواست کی۔
ادھر سرکاری ذرائع کے مطابق، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمالی علاقہ جات میں مسلسل بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، پلوں کے ٹوٹنے اور ندی نالوں کے اُبلنے سے اب تک 400 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
کئی دیہات مکمل طور پر منقطع ہو چکے ہیں اور ریسکیو ٹیموں کو بھی متاثرہ علاقوں تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کراچی میں بھی طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ 19 اگست کو ہونے والی ریکارڈ توڑ بارش کے بعد اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ کورنگی، گلشن اقبال، ملیر اور ڈیفنس سمیت کئی علاقوں میں پانی گھروں کے اندر داخل ہو گیا، جب کہ ٹریفک نظام بھی بری طرح متاثر رہا۔