افغانستان کے دارالحکومت کابل میں چھٹے سہہ فریقی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
کابل میں بدھ کو چھٹا سہہ فریقی وزرائے خارجہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چین کے وزیر خارجہ وانگ یی اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ محمد نعیم نے شرکت کی۔
پاکستان کے وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس میں سیاسی، اقتصادی اور سلامتی کے شعبوں میں باہمی تعاون پر تفصیلی غور کیا گیا۔ تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر تینوں ممالک کے درمیان تجارت، ٹرانزٹ، علاقائی ترقی، صحت، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا۔
اجلاس میں منشیات کی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور سی پیک منصوبے کو افغانستان تک توسیع دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
پاک افغان وزرائے خارجہ کی ملاقات: دہشتگردی کے خلاف تعاون اور اقتصادی تعلقات پر اتفاق
قبل ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار وفد کے ہمراہ سہہ فریقی مذاکرات کے تیسرے دور کے لیے کابل پہنچے، ان کے ساتھ نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
کابل ایئرپورٹ پر افغانستان کے نائب وزیرخارجہ محمد نعیم نے اسحاق ڈار استقبال کیا جبکہ کابل ائیرپورٹ پر افغانستان میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چین، پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے چھٹے سہ فریقی اجلاس کے دوران افغان عبوری وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے سیاسی اور اقتصادی تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔