کراچی کے متعدد علاقے 48 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی بجلی سے محروم ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملیر معین آباد کے مکین 36 گھنٹے سے بجلی کے منتظر ہیں۔
نارتھ ناظم اباد، سرجانی، حیدری میں 24 گھنٹے سے بجلی غائب ہے جبکہ سعود آباد، نانک واڑہ، یوسف گوٹھ، شانتی نگر میں 28 گھنٹے سے بجلی بند ہے۔
علاوہ ازیں گلستان جوہر، اسکیم 33، خدا کی بستی میں بھی 36 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جس نے شہریوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے 100 سے زائد فیڈر سے تاحال بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
دوسری جانب کراچی میں گزشتہ دو روز میں ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث شہری انفرااسٹرکچر کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
سڑکوں پر جمع پانی میں شہریوں کی گاڑیاں خراب ہوگئیں جبکہ متعدد نو تعمیر شدہ سڑکیں بھی دھنس گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بارش کا پانی زیادہ جمع ہونے کی وجہ سے کئی انڈر پاسز و سڑکیں ٹریفک کے لئے بند ہیں۔
شہر میں جگہ جگہ گڑھے، نکاسی آب نہ ہوسکی، سیکڑوں گھروں میں پانی داخل ہوگیا، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
شہریوں نے شکوہ کیا کہ گڑھوں میں پانی بھرنے کے باعث آمدورفت میں انتہائی مشکلات کا سامنا ہے۔