مچھلی کو دنیا بھر میں ایک صحت بخش غذا سمجھا جاتا ہے، جسے ماہرین غذائیت بھی دل و دماغ، بینائی، پٹھوں اور ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے نہایت مفید قرار دیتے ہیں۔
مچھلی میں اومیگا 3 فیٹی ایسڈز، وٹامن ڈی، وٹامن بی 2، کیلشیم، فاسفورس، آئرن، زنک، آیوڈین اور پروٹین جیسے اہم غذائی اجزا پائے جاتے ہیں۔
لیکن مچھلی کھاتے وقت ایک عام اور تکلیف دہ مسئلہ اُس کا کانٹا حلق میں پھنس جانا ہے۔ یہ نہ صرف درد کا باعث بنتا ہے بلکہ سانس لینے یا نگلنے میں دشواری کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ ایسے حالات میں فوری طور پر کچھ آسان اور آزمودہ گھریلو تدابیر اختیار کی جا سکتی ہیں، جو تکلیف کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
اگر مچھلی کا کانٹا حلق میں پھنس جائے تو یہ گھریلو نسخے آزمائیں:
زور سے کھانسیں
اکثر اوقات کانٹا حلق کے اوپری حصے میں چپک جاتا ہے۔ زور دار کھانسی سے یہ یا تو باہر آ سکتا ہے یا خود بہ خود پیٹ میں چلا جاتا ہے۔ اگر کانٹا پیٹ میں چلا جائے تو اکثر یہ قدرتی طور پر ہضم ہو جاتا ہے اور کوئی نقصان نہیں پہنچاتا۔
کیلے کا استعمال کریں
ایک پکا ہوا کیلا بغیر چبائے نگل لیں۔ کیلا اپنے نرم اور لیس دار ساخت کی وجہ سے کانٹے کو لپیٹ کر معدے میں لے جانے میں مدد دیتا ہے۔
کاربونیٹیڈ ڈرنکس (سوڈا یا کولڈ ڈرنک)
کولڈ ڈرنک یا کسی کاربونیٹیڈ مشروب کا استعمال بھی حلق میں پھنسا کانٹا نیچے دھکیلنے میں مدد دے سکتا ہے۔ گیس پیدا ہونے سے حلق میں دباؤ بنتا ہے جو کانٹے کو نیچے لے جانے میں معاون ہوتا ہے۔
زیادہ مقدار میں پانی پئیں
اگر کانٹا چھوٹا ہو تو سادہ پانی کی زیادہ مقدار بھی اُسے نیچے معدے کی طرف دھکیل سکتی ہے۔ ایک وقت میں چند بڑے گھونٹ بھر کر پانی پینا مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔
چاول کا استعمال
پکے ہوئے چاولوں کا ایک درمیانہ نوالہ بنا کر بغیر چبائے نگل لیں۔ چاول کانٹے کو اپنے ساتھ لپیٹ کر نیچے معدے تک لے جا سکتے ہیں۔ اس عمل کو دو سے تین بار دہرایا جا سکتا ہے۔
احتیاط ضروری ہے
اگر ان گھریلو نسخوں کے باوجود گلے میں مسلسل درد رہے، سانس لینے میں دشواری ہویا خون نکلنے لگے تو فوراً قریبی اسپتال یا ای این ٹی (ناک، کان، گلا) کے ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ کیونکہ بعض اوقات کانٹا ایسی جگہ پھنس جاتا ہے جہاں سے اسے صرف طبی مدد سے ہی نکالا جا سکتا ہے۔
یاد رکھیں صحت کی حفاظت کے لیے مچھلی کھاتے وقت ہمیشہ احتیاط برتیں۔ بچوں کو مچھلی دینے سے قبل اس کے کانٹے ضرور نکال دیں اور خود بھی چھوٹے نوالے لے کر تسلی سے کھائیں۔