جاپان کے آسمان پر عجیب منظر، اچانک رات دن میں تبدیل، شہری حیران

0 minutes, 0 seconds Read

جاپان کی فضاؤں میں منگل 19 اگست کی رات ایک غیر معمولی فلکیاتی مظہر دیکھنے میں آیا، جب ایک انتہائی روشن شہابِ ثاقب نے شعلے کی مانند آسمان کو چیرتے ہوئے ایسا نظارہ پیش کیا کہ رات لمحہ بھر کے لیے دن میں تبدیل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق رات 11 بجے کے بعد جاپان کے مغربی علاقوں کی فضاؤں میں ایک آگ کے گولے جیسا شہابِ ثاقب نمودار ہوا، جس کی روشنی سیکڑوں میل دور تک دیکھی گئی۔ اس حیرت انگیز مظہر کو کیمروں نے محفوظ کر لیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیٹ پر وائرل ہو گیا۔

سندائی اسپیس میوزیم کے سربراہ توشیہِسا مائدہ کا کہنا ہے کہ یہ شہابِ ثاقب غیر معمولی حد تک روشن تھا اور غالباً بحرالکاہل میں جا گرا۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران کچھ علاقوں میں فضائی ارتعاش بھی محسوس کیا گیا، جبکہ روشنی کی شدت چاند کے برابر تھی۔

ماہرین کے مطابق ایسے شہابِ ثاقب جنہیں ”فائربال“ یا ”بولائیڈ“ کہا جاتا ہے، عموماً ایک میٹر یا اس سے بڑے ہوتے ہیں اور جب زمین کی فضا میں داخل ہوتے ہیں تو شدید روشنی اور آواز پیدا کرتے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ جاپان نے اس نوعیت کا مظہر دیکھا ہو، گزشتہ برس نومبر میں بھی ٹوکیو کے قریب اسی طرح کا ایک فائربال نظر آیا تھا۔ اس کے علاوہ 2023 میں اسپین اور پرتگال، اور 2013 میں روس کے شہر چیلیابنسک میں بھی ایسے شہابِ ثاقب زمین کے قریب آ چکے ہیں، جن میں بعض اوقات جانی و مالی نقصان بھی ہوا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مظاہر فلکیاتی طور پر عام سمجھے جاتے ہیں، مگر ان کا نظارہ بیک وقت دلکش اور ہیبت ناک ہوتا ہے، جو انسانی آنکھ کو حیران کر دیتا ہے۔

Similar Posts