کرکٹ جنوبی افریقا نے2027 کے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے وینیوز کا اعلان کردیا ہے جبکہ وینیوز کا اعلان ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے لوکل آرگنائزنگ کمیٹی کی تشکیل کے موقع پر کیا ہے۔
پروپاکستانی ویب سائٹ کے مطابق کرکٹ کا سب سے بڑا عالمی ٹورنامنٹ ایک بار پھر جنوبی افریقا میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔ جنوبی افریقا نے ورلڈ کپ 2027 کے لیے ملک بھر کے 8 وینیوز کی تصدیق کردی ہے جہاں ٹورنامنٹ کے 54 میں سے 44 میچ کھیلے جائیں گے جبکہ باقی مقابلے زمبابوے اور نمیبیا میں ہوں گے۔
ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والے منتخب شہروں میں جوہانسبرگ، پریٹوریا، کیپ ٹاؤن، ڈربن، گکیبرہا، بلومفونٹین، ایسٹ لندن اور پارل شامل ہیں۔ ایونٹ اکتوبر اور نومبر 2027 کے دوران منعقد ہوگا جس میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
یہ ورلڈ کپ جنوبی افریقہ کے لیے ایک بڑی واپسی کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ ملک نے آخری مرتبہ 2009 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور 2003 میں ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی جبکہ حال ہی میں 2023 کا ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ بھی کامیابی سے منعقد کیا گیا۔ اس سے قبل جنوبی افریقا 2007 میں پہلا مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کرانے کا اعزاز بھی حاصل کر چکا ہے۔
پاکستانی شائقین کے لیے بھی یہ ایونٹ خاص دلچسپی رکھتا ہے۔ قومی ٹیم کا افریقی کنڈیشنز میں یاد گار اور ڈرامائی مقابلوں کا طویل ریکارڈ رہا ہے، جن میں 2003 ورلڈ کپ کی مہم اور 2007 کے جوہانسبرگ میں کھیلا گیا تاریخی ٹی 20 ورلڈ کپ میچ نمایاں ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق 2027 تک پاکستان اپنی کمزوریوں پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گا اور شائقین کی نظریں ٹیم کی کارکردگی پر جمی رہیں گی کہ وہ جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کی پچز پر کس طرح کھیل پیش کرتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ 2027 نہ صرف کرکٹ کے تاریخی خطے میں ایک بڑی واپسی ہے بلکہ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم بھی ثابت ہوگا جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر کے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو کھیل کی تاریخ میں اپنی پہچان بنانے کا موقع ملے گا۔