مون سون کے آٹھویں اسپیل کے دوران ہونے والی بارشوں کے باعث پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے دریاؤں میں سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب بھر میں مون سون کے آٹھویں اسپیل پیش نظر دریاؤں میں سیلاب کا خدشہ ہے، پنجاب کے نارتھ اور نارتھ ایسٹ اضلاع میں فلیش فلڈنگ کا الرٹ جاری ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جہلم، چناب، راوی، ستلج اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کیا ہے، جہلم اور چناب میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے جبکہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے۔
گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 26 ہزار کیوسک ہے جبکہ ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔
سلیمانکی کے مقام پر پانی کی آمد 90 ہزار،اخراج 82 ہزار کیوسک دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پرنچلے درجے کا سیلاب ہے۔
علاوہ ازیں دریائے سندھ میں تونسہ، کالا باغ، چشمہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، نارروال نالہ بسنتر میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہوجانے کی ہدایت جاری کردی ہے۔