مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کاغان اور مری روڈ بند، سیاح پھنس گئے

0 minutes, 0 seconds Read

مانسہرہ کی تحصیل بالا کوٹ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کاغان اور مری سے رابطہ منقطع ہوگیا، مانسہرہ میں بالاکوٹ حسہ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ کاغان بند ہو گئی جس کے باعث سیاحوں اور مقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایبٹ آباد گلیات بٹنگی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مری روڈ بند ہو گیا جس کے باعث دونوں اطراف سے گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہوگئی اور کئی سیاح پھنس کر رہ گئے۔

تاہم این ایچ اے یا مقامی انتظامیہ کی جانب سے سڑک کو ٹریفک کے لئے بحال کرنے کے لئے مشینری تاحال نہ پہنچ سکی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ گلیات میں جاری بارشوں سے مزید لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ بڑھ گیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے واقعہ کا نوٹس لے لیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ناران کے قریب پیش آنے والے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔

جھیل سیف الملوک روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایک سو پچاس کے قریب سیاح اور پچیس سے زائد گاڑیاں پھنس گئیں۔

واقعے کے بعد سیاح اس وقت شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سیکریٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد نے فوری ایکشن لیتے ہوئے کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ریسکیو آپریشن کی ہدایت جاری کی جس کے نتیجے میں تمام پھنسے ہوئے سیاحوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

سیکریٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد کے مطابق خیبرپختونخوا آنے والے سیاحوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

Similar Posts