کراچی میں بادلوں کے ڈیرے، محکمہ موسمیات نے ایک اور طاقتور اسپیل کی پیشگوئی کردی

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی میں بادلوں کے ڈیرے ہیں اور شہر میں آج ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے 27 اگست سے طاقتور اسپیل کی پیشگوئی کردی ہے، رات گئے کئی علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، 5 روز قبل ہونے والی بارش کے بعد سڑکوں کی ابتر صورتحال ہے، کئی سڑکوں پر اب بھی پانی موجود ہے جبکہ پٹیل پاڑہ کی سڑک پر بھی گڑھے پڑگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج دن بھر موسم ابر آلود رہے گا، حالیہ مون سون سسٹم کے کمزور پڑنے کے باوجود شہر قائد میں موسم زیادہ تر ابر آلود اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ پیشگوئی کے مطابق کراچی میں آج سے منگل تک ہلکی بارش کا امکان ہے۔

اتوار اور پیر کو شہر کا مطلع زیادہ تر ابر آلود رہنے کی توقع ہے جبکہ منگل کو موسم ابرآلود اور مرطوب ریکارڈ ہو سکتا ہے۔

کراچی میں آج درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ہے، جنوب مغرب سے ہوائیں 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

آج تھر پارکر، بدین، عمرکوٹ، میر پور خاص، بدین اور سانگھڑ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے جبکہ قمبر شہداد کوٹ، دادو، لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد اور گھوٹکی میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی تا ہلکی بارش کا امکان ہے۔

گڈو بیراج میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ سکھر اور کوٹری بیراج میں بالترتیب درمیانے اور معمول کا بہاو ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں 27 اگست سے مون سون کے اگلے اسپیل کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد بیشتر علاقوں کی سڑکوں پر گڑھے پڑگئے ہیں، گڑھوں کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہے بلکہ شہریوں کو پریشانی کا سامنا بھی ہے۔

بعض شہری کہتے ہیں کہ سڑکوں پر گڑھوں کے باعث نہ صرف کمر کی تکلیف ہوگئی ہے بلکہ گاڑی کی جمپوں سمیت دیگر نقصانات بھی ہورہے ہیں۔

لیاقت آباد، گولیمار، گلبہار، ناظم آباد، سرجانی، نارتھ کراچی، ایم اے جناح روڈ اور اولڈ سٹی ایریا میں اہم سڑکوں اور شاہراؤں پر
گڑھوں نے شہریون کی مشکلات بڑھادی ہیں۔

Similar Posts