صوبہ سندھ کے شہریوں کے لیے اہم خبر یہ ہے کہ اب موٹر سائیکل اور تمام بڑی و چھوٹی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ ذاتی ملکیت تصور کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ ایکسائز کی سمری کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت گاڑیوں کی نمبر پلیٹیں اب براہِ راست شہری کے شناختی کارڈ سے منسلک ہوں گی۔
محکمہ ایکسائز سندھ کے مطابق گاڑی فروخت کرنے پر پہلا مالک اپنی نمبر پلیٹ اتار لے گا اور یہ پلیٹ صرف اسی شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ رہے گی، جس پر پہلے سے اندراج کیا گیا ہوگا۔
نئی گاڑی خریدنے والا اپنی گاڑی اسی پلیٹ پر آن لائن رجسٹر کرائے گا۔ اگر کوئی مالک پلیٹ واپس کرنا چاہے تو وہ متعلقہ دفتر جا کر رجسٹریشن منسوخ کرا سکے گا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے گاڑیوں کی چوری، دہشت گردی اور دیگر جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
وفاق سمیت چاروں صوبوں میں رجسٹرڈ گاڑیوں کا ڈیٹا بھی شیئر کر دیا گیا ہے تاکہ مربوط نظام کے تحت نگرانی ممکن ہو سکے۔