ڈیلٹا ایئر لائنز کی پرواز 1893 کے ونگ میں لگا فلیپ کا حصہ ٹوٹ گیا۔
امریکی زرائع ابلاغ کے مطابق واقعہ منگل، 19 اگست 2025 کو ڈیلٹا ایئر لائنز کی فلائٹ 1893 پر پیش آیا جو اورلینڈو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے بعد آسٹن برگسٹروم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب رواں تھی۔
ایک مسافر کی طرف سے لی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ بائیں ونگ کے آؤٹ بورڈ فلیپ کا ایک حصہ پرواز کے دوران ٹوٹا ہوا ہے۔
مسافروں کے مطابق جہاز میں اچانک شدید ہلچل محسوس ہوئی جسے وہ پہلے معمول کی ٹربولنس سمجھ بیٹھے۔ ایک خاتون مسافر شانیلا عارف نے بتایا“سامنے بیٹھی خاتون نے کھڑکی سے دیکھ کر کہا کہ جہاز کا پر ٹوٹ گیا ہے۔ میں نے کھڑکی سے جھانکا تو خوفزدہ ہوگئی۔“
ان کے ریکارڈ کیے گئے ویڈیو میں صاف دکھائی دیتا ہے کہ پر کے عقبی حصے میں لگا فلیپ ٹوٹ کر لٹک رہا ہے۔
لینڈنگ کے بعد معائنے میں واضح ہوا کہ جہاز کے بائیں وِنگ کا ایک حصہ اپنی جگہ سے نکل گیا تھا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ طیارے میں 62 مسافر اور 6 عملے کے ارکان موجود تھے۔
ڈیلٹا ایئر لائنز نے واقعے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ طیارہ سروس سے نکال کر مرمت کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ کمپنی نے اعلان کیا کہ وہ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی تحقیقات میں مکمل تعاون کرے گی۔