یوکرین کا روس کے ایٹمی بجلی گھر پر ڈرون حملہ، ٹرمینل پر آگ بھڑک اٹھی

0 minutes, 0 seconds Read

یوکرین نے روس پر ڈرون حملوں کی ایک نئی لہر شروع کردی۔ یوکرین نے روس کے ایٹمی بجلی گھر پر ڈرون حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ٹرمینل پر شدید آگ بھڑک اٹھی اور جوہری پلانٹ میں سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ واقعے کے بعد روس نے اپنی ایئرڈیفنس الرٹ کر دی اور متعدد ائیرپورٹس پر پروازیں معطل کر دیں۔

خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق روسی حکام نے بتایا کہ یوکرین کے ڈرون حملے سے لینن گراڈ کے علاقے اوسٹ لوگا میں واقع فیول ایکسپورٹ ٹرمینل پر آگ بھڑک اُٹھی، جو نواٹیک کمپنی کے زیرانتظام ہے۔ آگ کو بجھانے کے لیے فائر فائٹرز اور ایمرجنسی ٹیمیں کئی گھنٹوں سے مصروف ہیں، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اسی دوران روس کی وزارت دفاع نے تصدیق کی کہ یوکرین نے ایک درجن سے زیادہ مقامات پر تقریباً 95 ڈرون حملے کیے۔ ان میں سے بیشتر کو ایئرڈیفنس نے ناکام بنایا لیکن کچھ ڈرونز اپنے ہدف تک پہنچ گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ کرسک جوہری پلانٹ یوکرین کی سرحد سے 60 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے جہاں ایک ڈرون مار گرایا گیا، مگر دھماکا پلانٹ کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں ایک ٹرانسفارمر کو نقصان پہنچا اور ری ایکٹر نمبر 3 کی سرگرمیاں 50 فیصد کم ہوگئیں۔

پلانٹ حکام نے وضاحت کی کہ تابکاری کی سطح معمول کے مطابق ہے، آگ سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا اور دیگر دو ری ایکٹر پاور جنریشن کے بغیر معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔

صوبائی گورنر الیگزینڈر ڈروزڈینکو نے کہا کہ خلیج فن لینڈ کے اوست لوگا علاقے میں یوکرین کے 10 ڈرون مار گرائے گئے لیکن ایک ٹرمینل پر جا گرا جس سے آگ لگی۔

روسی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تصدیق کی کہ ڈرون حملوں کے بعد کئی ائیرپورٹس پر پروازیں روک دی گئی ہیں جن میں لینن گراڈ ریجن کا پلکوو ایئرپورٹ بھی شامل ہے۔

Similar Posts