فیصل آباد گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں 19 سالہ طالبہ عمارت کی دوسری منزل سے گر کر جاں بحق ہوگئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق بی ایس پروگرام کی طالبہ کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا سکیں اور جان کی بازی ہارگئیں۔
طالبہ کے گرنے کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہو سکیں۔ پولیس اس پہلو پر تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا یہ حادثہ تھا یا کسی نے دھکا دیا۔ طالبہ کا تعلق فیصل آباد کی تحصیل سمندری کے نواحی گاؤں چک 142 جی بی سے تھا۔
واقعے کے بعد تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات اور طلبہ کی فلاح و بہبود سے متعلق سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔
پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے کر حقائق سامنے لائے جائیں گے۔