شہبازشریف کی محمود اچکزئی سے ملاقات، سیاسی و آئینی امور پر دوبارہ مذاکرات کی دعوت

وزیرِاعظم شہباز شریف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے غیر رسمی ملاقات کی اور انہیں سیاسی و آئینی امور پر دوبارہ مذاکرات کی دعوت دے دی ہے۔

جمعرات کے روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران ایوان میں ہونے والی اس غیر رسمی ملاقات میں وزیرِاعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی ایک دوسرے کے ساتھ سرگوشی کے انداز میں گفتگو کرتے نظر آئے۔

دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور پھر باقاعدہ گفتگو کرتے نظر آئے۔

ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم نے الیکشن کمشنر اور کمیشن کے دیگر ارکان کی تقرری میں ایک سال سے جاری تعطل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم آئینی ضرورت ہے، جس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم نے محمود اچکزئی پر چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دیگر اہم ارکان کی تقرری کے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیا۔

وزیرِاعظم کی گفتگو کے دوران محمود اچکزئی خاموشی سے ان کی بات سنتے رہے اور اثبات میں سر ہلاتے نظر آئے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ایوان سے روانہ ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز بھی محمود اچکزئی کی نشست پر پہنچے اور خوشگوار انداز میں گفتگو کرتے دکھائی دیے۔

Related posts