بھارتی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز کی حیثیت سے پہنچانے جانے والے چتیشور پجارا کے اچانک ریٹائرمنٹ کے اعلان نے سابق سابق کرکٹرز کو حیرت میں مبتلا کردیا، جس پر کرکٹرز کی جانب سے بیانات سامنے آئے ہیں۔
بھارتی کرکٹ شائقین کے لیے 24 اگست ایک اداس دن ثابت ہوا جب تجربہ کار بلے باز چتیشور پجارا نے ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
37 سالہ پجارا نے 103 ٹیسٹ میچز کھیل کر 43.60 اوسط کے ساتھ 7,195 رنز بنائے، جس میں 19 سنچریاں اور 35 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ تقریباً 15 سالہ کیریئر میں انہوں نے بھارتی ٹیسٹ کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پجارا جو اپنی مضبوط دفاعی تکنیک اور طویل اننگز کھیلنے کی صلاحیت کے لیے مشہور تھے، انہوں نے کئی برسوں تک ٹیم انڈیا کی بیٹنگ لائن اپ کو سہارا دیا۔ انہوں نے کئی یادگار اننگز کھیل کر بھارت کو ٹیسٹ کرکٹ میں اہم فتوحات دلائیں۔
ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد کرکٹ حلقوں میں انہیں خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے اور مداح ان کے شاندار کیریئر کو یاد کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔
بی سی سی آئی
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی) نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے چتیشور پجارا کو شاندار کیریئر پر مبارکباد پیش کی۔
بی سی سی آئی نے کہا کہ چتیشور پجارا نے 2012 میں نیوزی لینڈ کے خلاف جفاکش 159 رنز بنا کر بین الاقوامی سطح پر اپنی آمد کا اعلان کیا۔
وکرانت گپتا
بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ چتیشور پجارا نہ صرف ایک عظیم بلے باز رہے ہیں بلکہ ہمیشہ ایک شاندار انسان بھی ثابت ہوئے ہیں۔ میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔
راہول راوت
ایک اور بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ راہول راوت نے کہا کہ چتیشور پجارا نے کرکٹ کو وقار کے ساتھ کھیلا، خود کو عاجزی کے ساتھ پیش کیا اور شیر دل جیسا حوصلہ رکھا۔ تاریخ آپ کو ہمشیہ محبت سے یاد رکھے گی۔
سچن ٹنڈولکر
بھارت کے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر نے بھی چتیشور پجارا کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پجارا، آپ کو نمبر 3 پر کھیلتے دیکھ کر ہمیشہ سکون ملتا تھا، جب بھی آپ کھیلے آپ نے ہر بار ہمت، حوصلہ اور ٹیسٹ کرکٹ سے محبت دکھائی۔
انہوں نے کہا کہ آپ کی مضبوط ٹیکنیک، صبر اور دباؤ میں سنبھل کر کھیلنا ٹیم کے لیے ایک ستون رہا، بہت سی کامیابیوں میں سے 2018 کی آسٹریلیا سیریز سب سے نمایاں ہے، جو آپ کی شاندار مزاحمت اور میچ جتوانے والی اننگز کے بغیر ممکن نہ تھی۔
سچن ٹنڈولکر نے شاندار کیریئر پر پجارا کو مبارکباد دی اور اگلے سفر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ اپنی دوسری اننگز کا لطف اٹھائیں!
وریندر سہواگ
بھارت کے سابق مایہ ناز بلے باز وریندر سہواگ نے شاندار ٹیسٹ کیریئر پر چتیشور پجارا کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آپ کی ہمت، لگن اور محنت سب کے لیے قابلِ تقلید رہی۔ آپ اپنی کامیابیوں پر فخر کر سکتے ہیں۔ دوسرے سفر کے لیے نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں، یہ بھی یادگار ثابت ہو۔
سریش رائنا
سابق بھارتی بلے باز سریش رائنا نے بھی چتیشور پجارا کی اسٹوری ایکس پر شیئر کرتے ہوئے شاندار ٹیسٹ کیریئر پر پجارا کو
مبارک دی اور کہا کہ میری نیک تمنائیں آپ اور آپ کے خاندان کے لیے ہیں۔
عرفان پٹھان
سابق بھارتی فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے چتیشور پجارا کو شاندار کیریئر پر دل سے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آپ کی ہمت ہمیشہ آپ کے نام سے پہلے پہچانی گئی، آپ کے دفاع میں بھی جارحانہ انداز جھلکتا رہا اور آپ نے بھارت کا نام روشن کیا، دوسرے سفر کے لیے نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
ہربھجن سنگھ
سابق بھارتی اسپنر ہربجھن سنگھ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ چتیشور پجارا– بھارتی کرکٹ کے ایک بے آواز ہیرو۔ ایک ایسا کھلاڑی جس نے ہمیشہ اپنی ذات سے پہلے ٹیم کو ترجیح دی، جس نے صرف 100 فیصد نہیں بلکہ بھارت کے لیے ہر ممکن حد تک سب کچھ دیا۔ آپ کی خدمات بھارتی کرکٹ کے لیے بے پناہ ہیں اور انہیں بہت طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔
ہربھجن سنگھ نے شاندار کیریئر پر بچارا کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کاش آپ کو وہ رخصتی ملتی جس کے آپ حقیقتاً مستحق تھے کیونکہ آپ جیسے کھلاڑی صرف عزت اور حوصلے کی علامت ہوتے ہیں۔ نئے سفر کے لیے نیک تمنائیں۔ ہم آپ کو کھیل کے میدان کے اُس پار مائیک ہاتھ میں دیکھنے کے منتظر رہیں گے۔
سنجے منجریکر
سابق بھارتی کرکٹر سنجے منجریکر نے کہا کہ چتیشور پجارا بیٹنگ کے دلدادہ تھے، جب بھی وہ کھیلنے آتے تو ایسا لگتا جیسے کسی چیز کی پرواہ نہیں کرتے۔ میدان میں حالات جیسے بھی ہوں، وہ پرسکون رہتے۔ بھارتی کرکٹ کے لیے ان کی بڑی خدمات ہیں، جن پر ہم ہمیشہ ان کے شکر گزار رہیں گے۔
جے دیو انادکٹ
چتیشور پجارا کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے ساتھ ہی بھارتی فاسٹ بولر جے دیو انادکٹ نے ایک دلچسپ واقعہ سنایا کہ کس طرح پجارا کی ایک فون کال نے ان کی زندگی اور کیریئر کا رخ بدل دیا۔
انادکٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ 2010 میں انہیں پجارا کی طرف سے ایک پیغام ملا، جس میں کہا گیا کہ ہائے جئے دیو، یہ چتیشور ہے۔ میں نے دادا (سورو گانگولی) سے بات کر لی ہے اور تمہیں کے کے آر ٹرائلز کے لیے جانا ہے۔ تم بہت اچھی بولنگ کر رہے ہو، ایسے ہی جاری رکھو!‘
انادکٹ کے مطابق یہ ان کا پجارا کے ساتھ پہلا فون پر مکالمہ تھا۔ اس وقت وہ رانجی ٹرافی میں محض ایک نیٹ بالر تھے اور سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ آنے والے برسوں میں وہ پجارا کے قریبی دوست بن جائیں گے اور میدان کے ساتھ ساتھ ذاتی زندگی میں بھی بہترین یادیں شیئر کریں گے۔