غذر میں گلیشیئر کے خطرے سے سیکڑوں افراد کی جانیں بچانے والے بہادر چرواہے وزیراعظم ہاؤس کے مہمان بنے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وصیت خان، انصار اور محمد خان کی ہمت اور حاضر دماغی کو سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے علاقے غذر میں گلوف کی پیشگی اطلاع دے کر 300 سے زائد قیمتی جانیں بچانے والے تین چرواہوں کو وزیراعظم ہاؤس میں مدعو کر کے ان کی بہادری کو سراہا۔
وزیراعظم نے وصیت خان، انصار اور محمد خان کو علیحدہ علیحدہ 25 لاکھ روپے کے انعامی چیک پیش کیے اور انہیں گلگت بلتستان کے ہیروز قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ بروقت اطلاع دے کر آپ نے نہ صرف علاقہ خالی کروا کر سیکڑوں انسانوں کو بچایا بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزارتِ موسمیاتی تبدیلی گلگت بلتستان میں پیشگی اطلاع کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر تیزی سے کام کر رہی ہے تاکہ آئندہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔
وصیت خان، انصار اور محمد خان نے اس پذیرائی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔