پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا استعفیٰ منظور کرنے سے انکار کردیا ہے۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان نے میرا استعفیٰ منظور نہیں کیا، میرے استعفے پر وہ نہیں مانے، ضمنی الیکشن کے حوالے سے سیاسی کمیٹی کا اجلاس آج شام دوبارہ ہوگا، جس میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمر ایوب اور شبلی فراز عدالتوں میں اپنے مقدمات لڑ رہے ہیں، عمران خان نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کے لیے محمود اچکزئی کا نام آج پھر دہرایا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ سیکرٹری جنرل کے عہدے سے الگ ہورہے ہیں اور اب صرف قانونی معاملات پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے باضابطہ گزارش کر کے عہدے سے علیحدگی اختیار کریں گے تاہم بطور وکیل اپنی خدمات بلامعاوضہ پارٹی کے لیے جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ وہ کوئی روایتی سیاست دان، جاگیردار یا صنعتکار نہیں بلکہ ایک عام خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنے مختصر خاندان کے ساتھ پارٹی کے اندر اور باہر سے ہر طرح کے حملے برداشت کیے ہیں۔ ’آج پیش آنے والے ایک واقعے نے دو ٹوک فیصلے پر مجبور کر دیا ہے کیونکہ میری زندگی کھلی کتاب کی مانند ہے۔‘