تین ملکی ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ: پاکستان کا افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

0 minutes, 0 seconds Read

تین ملکی ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شارجہ کے تاریخی میدان میں کھیلے جارہے 3 ملکی ٹی 20 سیریز کے افتتاحی میچ میں آج پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقامل ہیں۔ میچ کا ٹاس پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹاس کے بعد کپتان قومی ٹیم سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ یہ پچ تھوڑی مختلف لگ رہی ہے، 3 ملکی سیریز سے ایشیا کپ میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تیاری اچھی ہے، موجودہ پاکستانی ٹیم کے بارے میں سابق کھلاڑیوں کے خیالات سے انہیں اور ٹیم کو فرق نہیں پڑتا، ہم نے گزشتہ 3 سیریز میں بہترین کھیل پیش کیا ہے، اس سیریز میں بھی اپنا بہترین دینے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب افغان کپتان راشد خان نے اس موقع پر کہا ہے کہ کئی ماہ سے ٹی 20 ٹورنامنٹس کھیلنے کا موقع نہیں ملا مگر اچھا پرفارم کریں گے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کر رہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں صاحب زادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان اور حسن نواز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ محمد نواز، محمد حارث، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور صفیان مقیم کو فائنل الیون میں جگہ دی گئی ہے۔

افغانستان کی پلیئنگ الیون

افغانستان ٹیم کی قیادت راشد خان کررہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، صدیق اللہ اتل، درویش رسولی، کریم جنت، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، مجیب الرحمان، فضل الحق فاروقی اور فرید احمد شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والی اس 3 ملکی سیریز کا پہلا میچ دیکھنے کے لیے شائقین بڑی تعداد میں اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔ اس بار افغان شائقین کی تعداد پاکستانی فینز سے زیادہ دیکھی جا رہی ہے جبکہ بھارتی شائقین بھی افغان ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے پہنچ گئے ہیں۔

انتظامیہ نے پاک افغان شائقین کے لیے الگ الگ اسٹینڈز، پویلینز اور راستے مختص کر دیے ہیں، یہاں تک کہ ٹکٹس کے رنگ بھی مختلف رکھے گئے ہیں، پاکستانی شائقین کے لیے ہرا اور افغان شائقین کے لیے نیلا رنگ مختص کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سہ ملکی سیریز میں تینوں ٹیمیں ایک دوسرے سے 2، 2 میچز کھیلیں گی اور 7 ستمبر کو سیریز کا فائنل کھیلا جائے گا۔

Similar Posts