حکومت بلوچستان نے امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں مزید 15 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری، اسلحہ کی نمائش اور 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، دھرنوں اور ریلیوں پر 15 روز کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 کے دوران مرد حضرات کے لیے نقاب پہننے یا منہ ڈھانپنے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
اس کے علاوہ گاڑیوں پر کالے شیشے لگانے پر پہلے ہی سے پابندی نافذ ہے، جس پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ ہے۔
اعلامیے کے مطابق دفعہ 144 مزید 15 روز کے لیے نافذالعمل ہوگی جو 31 اگست سے 14 ستمبر تک جاری رہے گی۔