یو ایس اوپن ٹینس میں بیلاروسی کھلاڑی سبالانکا اور کینیڈین کھلاڑی لیلیٰ فرنینڈز کے میچ کے دوران ایک لمحہ یادگار بن گیا۔
یو ایس اوپن ٹینس میں سبالانکا اور لیلیٰ فرنینڈز کے میچ کے دوران ایک لڑکے نے اسٹیڈیم میں اپنی محبوبہ لڑکی کو پرپوز کردیا۔
یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ کے مقابلے میں اس وقت یادگار منظر دیکھنے کو ملا جب لوئس آرمسٹرانگ اسٹیڈیم میں موجود ایک مداح اچانک گھٹنے کے بل بیٹھ گیا اور سب کے سامنے اپنی محبوبہ کو شادی کی پیشکش کردی۔
14 ہزار سے زائد تماشائیوں کے سامنے پیشکش پر خاتون حیرت اور آنسوؤں میں گھری رہیں، دونوں ہاتھ چہرے پر رکھے وہ لمحوں تک کچھ نہ کہہ سکیں۔ پورا اسٹیڈیم شور مچانے لگا اور لوگوں نے اپنے موبائل فون نکال کر اس لمحے کو کیمروں میں قید کرلیا۔
مرد نے تماشائیوں کو مزید جوش دلانے کے لیے ہاتھ کے اشارے سے شور بڑھانے کی اپیل کی، اور اسٹیڈیم قہقہوں اور تالیوں سے گونج اٹھا۔ اس موقع پر کمنٹریٹر نے برجستہ کہا “یہ ہوئی اصل پریشر کی صورتحال، ٹینس کو بھول جائیں!”
تقریباً بیس سیکنڈ کی معلق کیفیت کے بعد خاتون نے بالآخر ”ہاں“ کہہ دی، اسٹیڈیم خوشی سے پھٹ پڑا۔ منگیتر نے انگوٹھی پہنائی اور دونوں نے بوسے سے لمحے کو مکمل کیا جبکہ ہزاروں تماشائیوں نے کھڑے ہوکر داد دی۔
یہ منظر نہ صرف کورٹ پر موجود بڑی اسکرین پر چھا گیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگیا۔ شائقین نے اسے یو ایس اوپن کا سب سے دل چھو لینے والا لمحہ قرار دیا۔
تماشائیوں نے خوشی سے شور مچایا، موبائل فونز سے اس منظر کو قید کیا اور خاتون کے آنسوؤں کے ساتھ مسکراتے ہوئے ”ہاں“ کہنے پر تالیاں بجائیں۔
سبالینکا نے اس انوکھے لمحے پر کہا ”میرے میچ کے دوران یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کسی نے شادی کی پیشکش کی۔ یہ بہت میٹھا لمحہ تھا، میں مسکرانے سے بچنے کی کوشش کر رہی تھی۔ میں انہیں خوشگوار ازدواجی زندگی کی دعا دیتی ہوں۔“
ٹینس کورٹ پر کھیل جاری رہا، لیکن لمحہ محبت کا تھا جس نے سب کے دل جیت لیے۔