اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلہ، شدت کتنی ریکارڈ کی گئی؟

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں تاہم زلزلے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

زلزلے کے جھٹکے خیبرپختونخوا کے شہر پشاور، ایبٹ آباد، مہمند، مینگورہ اور دیگر علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز جنوبی افغانستان تھا اور اس کی زیر زمین گہرائی 22 کلو میٹر تھی۔

واضح رہے کہ یکم ستمبر کی شب زلزلے کے باعث افغانستان میں 1400 سے زائد افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔

زلزلے کے جھٹکے کابل سے لے کر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد تک محسوس کیے گئے تھے، کنڑ صوبے میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی، جہاں سیکڑوں مکانات تباہ ہو گئے۔

طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ طاقتور زلزلے کے نتیجے میں بیشتر جانی نقصان صوبہ کنڑ میں ہوا جب کہ صوبہ ننگرہار میں بھی جانی ومالی نقصان ہوا۔

Similar Posts