عمران خان سے جیل میں 2 دن 45-45 منٹ کی ملاقاتیں کرانے کے شیڈول پر عمل درآمد کی ہدایت

0 minutes, 0 seconds Read

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے جیل ملاقاتوں کی 30 درخواستیں نمٹانے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ فریقین کی رضامندی سے تمام پٹیشنز نمٹائی جاتی ہیں، توہین عدالت کی کارروائی بھی ختم کی جا رہی ہے۔

تفصیلی فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس اعظم خان کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے تفصیلی فیصلے میں جیل حکام کو سابق وزیراعظم عمران خان سے جیل میں 2 دن 45-45منٹ کی ملاقاتیں کرانے کے شیڈول پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ منگل اور جمعرات کو عمران خان سے ملاقات کرانے کے شیڈول پر سختی سے عمل کریں، ہم مناسب نہیں سمجھتے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے لیے پہلے سے طے شدہ میکنزم میں مداخلت کی جائے، کیس سنگل بینچ سے لارجر بینچ میں ٹرانسفر کرنے پر شروع کی گئی توہین عدالت کی کارروائی بھی ختم کر دی گئی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جیل سپریٹنڈنٹ کے وکیل کے مطابق سیکیورٹی تھریٹس کی وجہ سے ملاقاتوں کے شیڈول میں معمولی تبدیلی کی گئی، وکیل نے کہا کہ دوستوں سے ملاقات کی سہولت کو سیاسی بیان بازی کے ذریعے غلط استعمال کیا جا رہا تھا، وکیل نے کہا ایسی صورتحال میں سپریٹنڈنٹ جیل کے پاس اختیار ہے کہ وہ دوستوں سے ملاقات کی سہولت واپس لے لے۔

تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ جیل سپریٹنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق جیل رولز قیدیوں کو سیاسی گفتگو کی اجازت نہیں دیتے، جیل سپریٹنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق ملاقاتی جیل سے نکلنے کے بعد الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر پراپیگنڈا کرتے ہیں، رپورٹ کے مطابق ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال دلانے والی تضحیک آمیز گفتگو میں بے بنیاد الزام تراشیاں کرتے ہیں، جیل سپریٹنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق جیل ٹرائل کے دوران وکلا اور پراسیکیوٹرز کو بلا رکاوٹ داخلے کی اجازت ہوتی ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق سلمان اکرم راجہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملاقاتیوں کی جانب سے جیل کے باہر کوئی میڈیا ٹاک نہیں کی جائے گی، عدالت کے سامنے موجود فریقین میں سے کسی نے بھی اس بینچ کے سامنے سماعت پر اعتراض نہیں اٹھایا، فریقین کی رضامندی سے تمام پٹیشنز نمٹائی جاتی ہیں، توہین عدالت کی کارروائی بھی ختم کی جا رہی ہے۔

Similar Posts