پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، مہم جوئی کا جواب دیں گے، اسحاق ڈار

0 minutes, 0 seconds Read

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور پہلگام واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کے لیے تعاون پر آمادہ ہے۔ عباس عراقچی نے کہا کہ اسحاق ڈار سے 3 بنیادی نکات پر بات ہوئی، پاک بھارت تعلقات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

نائب وزیراعظم اور وزہر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی، انھوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ موجودہ صورتحال پر گفتگو ہوئی، ایران اور امریکا کے ساتھ مذاکرات خوش آئند ہیں۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کو پہلگام سے متعلق بریفنگ دی، پاکستان کا پہلگام سے کوئی تعلق نہیں، پاکستان نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات میں تعاون کی پیش کش کی ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ بہت سے ملکوں نے پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا ہے، پاکستان خطے میں امن اور استحکام کیلئے پرعزم ہے، پاکستان پہل نہیں کرے گا، مہم جوئی ہوئی تو جواب دیں گے۔

اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ دورہ پاکستان میں نائب وزیراعظم سے ملاقات مفید رہی، اسحاق ڈار سے 3 بنیادی نکات پر بات ہوئی، پاک بھارت تعلقات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کی دفترخارجہ آمد پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ایرانی وزیرخارجہ کی ملاقات ہوئی جس میں اسحاق ڈار نے بھارتی یکطرفہ اقدامات اور قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ عباس عراقچی اسلام آباد میں اپنے سرکاری دورے کے بعد بھارت روانہ ہوں گے، جہاں وہ مزید علاقائی سفارتی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

Similar Posts