وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ملک میں سیلابی صورتحال اور ریسکیو و امدادی اقدامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو ملک بھر میں دریاؤں میں طغیانی، سیلابی ریلوں اور متاثرہ شہریوں کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت دی کہ امدادی کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے اور بڑھتی ہوئی طغیانی کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر مکمل تیاری یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ دریاؤں کے قریب رہنے والی آبادیوں اور خطرے سے دوچار علاقوں میں بروقت اطلاع اور انخلاء کو یقینی بنایا جائے۔
شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل بھی تیز کرنے کا حکم دیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں تریمو بیراج، پنجند بیراج، ہیڈ بلوکی، ہیڈ سدھنائی، گنڈا سنگھ والا، ہیڈ سلیمانکی اور ہیڈ اسلام پر شدید طغیانی کی صورتحال ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان کے قافلے مسلسل روانہ کیے جا رہے ہیں۔
این ڈی ایم اے کا پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بارشوں کا الرٹ جاری
نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔
پنجاب کے کئی علاقوں بشمول گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد اور سرگودھا میں بارش کا امکان ہے، جبکہ ملتان اور جنوبی پنجاب میں شدید طوفانی بارشیں متوقع ہیں جس سے سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
سندھ کے جنوبی اضلاع ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد اور کراچی میں بھی طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بالائی سندھ میں ہلکی بارش ہوگی۔ بلوچستان کے اضلاع ژوب، لورالائی اور خضدار میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی طوفان کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور سفر سے پہلے موسمی صورتحال سے متعلق آگاہی حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔