ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا 17واں ایڈیشن 9 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہورہا ہے، جس کے لیے ایونٹ میں شامل ٹیموں نے بھرپور تیاریاں کر رکھی ہیں۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
ایشیا کپ 2025 میں پہلی بار 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، عمان اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔
اس بار نیپال کی ٹیم بھی پہلی مرتبہ ایونٹ کا حصہ ہے، جس سے ایشیا کپ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم ہو رہا ہے۔
ایونٹ کی سب سے بڑی کشش پاک بھارت ٹاکرا ہے جو 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ اگر دونوں ٹیمیں اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کر لیتی ہیں تو سپر فور اور ممکنہ فائنل میں بھی ان کا آمنا سامنا ہوسکتا ہے، یوں شائقین کو ایک ہی ٹورنامنٹ میں تین بار یہ سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔
1984 میں شارجہ سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے اب تک 16 ایڈیشن کھیلے جاچکے ہیں۔
بھارت سب سے کامیاب ٹیم ہے جو 8 بار چیمپئن بن چکی ہے، جبکہ سری لنکا نے 6 اور پاکستان نے صرف 2 بار یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ گزشتہ ایڈیشن 2023 میں بھارت نے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
گرین شرٹس نے پہلی بار ایشیا کپ سن 2000 میں اپنے نام کیا جس کے بعد 2012 میں دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ایشیا کپ کا یہ ایڈیشن ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جارہا ہے تاکہ ٹیمیں آئندہ برس شیڈول آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کرسکیں۔
بھارت اور سری لنکا کے ساتھ پاکستان بھی مضبوط ٹیموں میں شمار ہوتا ہے، لیکن افغانستان اور بنگلادیش کی کارکردگی بھی اپ سیٹ کرسکتی ہے۔