کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش: پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری

کراچی شہر کے بیشتر علاقوں میں علی الصبح شروع ہونے والی ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے علاقوں فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، تین ہٹی، نمائش چورنگی، بہادرآباد، طارق روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، ایم اے جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ، لسبیلہ، گرومندر ، اسٹیڈیم روڈ کے اطراف میں آج صبح سے ہی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

اس کے علاوہ گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤں ، شاہ لطیف ٹاؤن ، بھینس کالونی سمیت نیشنل ہائی وے، ملیر میمن گوٹھ ، گڈاپ ، نیو کراچی ، اورنگی ٹاؤن، سرجانی ، تیسر ٹاؤن ، خدا کی بستی ، گلشن معمار ، سپر ہائی وے اسکیم 33، موسمیات، گلشن اقبال اور گلستان جوہر میں بھی بارش جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا یہ سلسلہ کل تک جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آج سسٹم کراچی کے قریب سے گرزتے ہوئے 100ملی میٹر سے زائد بارش برسا سکتا ہے۔

علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے بارشوں کے باعث کراچی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کل صبح 11 بجے سے آج صبح 8 بجے تک کراچی میں 9.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں 12بارشوں کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے۔


AAJ News Whatsapp

پنجاب کے مختلف علاقوں بشمول گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، اور سرگودھا میں بارش متوقع۔ ملتان اور جنوبی پنجاب میں شدید طوفانی بارشیں آئیں گی، جس سے سیلابی صورت حال اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ کے جنوبی اضلاع، جیسے ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد اور کراچی میں طوفانی بارشیں متوقع ہیں جب کہ بالائی سندھ میں ہلکی بارش ہوگی۔

بلوچستان میں ژوب، لورالائی اور خضدار میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی طوفان کا امکان ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کی وارننگ ہے۔ عوام کو احتیاط کرنے اور سفر سے پہلے موسمی صورتحال چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حیدر آباد میں تیز بارش سے کئی علاقے زیر آب

حیدر آباد میں رات گئے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث بیشتر علاقے زیر آب آگئے۔ بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

حیدرآباد میں آج سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے جس کا ڈپٹی کمشنر حیدر آباد نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

ٹھٹھہ میں بارش سے جل تھل

ٹھٹھہ میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کردیا ہے، جس کے باعث نکاسی آب کا نظام درہم برہم اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے شدید مشکلات کا شکار ہیں، تیز بارشوں سے متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کا امکان

وہیں اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج مطلع جزوی ابرآلود رہنے کےعلا وہ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پنجاب کے بعد سندھ میں بھی بادلوں کے ڈیرے

پنجاب کے بعد مون سون کا دسواں اسپیل ہوا کے کم دباؤ کے باعث سندھ پر بھی اثرانداز ہونے لگا ہے۔

حیدرآباد، جامشورو، بدین، سیہون، سجاول سمیت مختلف شہروں میں بادل جم کر برسے جس کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور متعدد علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

حیدرآباد میں گزشتہ رات سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس باعث شہر کے بیشتر نشیبی علاقے زیر آب گئے ہیں۔

لطیف آباد نمبر 2، نمبر 11 اور 10 میں گھٹنوں گھٹنوں پانی جمع ہے۔ بارش سے ریلوے کالونی، ریلوے اسٹیشن، قدم گاہ مولاعلی اور کلات مارکیٹ نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

قاسم آباد فیزون، سیٹیزن کالونی، سحرش نگر، ٹھنڈی سڑک سمیت مختلف کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔
نشی علاقوں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہوسکی، بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔

جامشورو میں رات بھر سے جاری بارش نے جل تھل ایک کردیا جس کے باعث مختلف علاقوں میں دو سے تین فٹ پانی گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔

سیہون اور گردونواح میں بھی وقفے وقفےسے بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے، پہاڑی سلسلوں پر ندی نالوں میں تغیانی آگئی ہے، تفریحی مقام بڈو پہاڑ پر رات گئے تیز بارش ہوئی جس سے یونین کونسل جھانگارا کا سیہون کے ساتھ راستہ تاحال بحال نا ہوسکا اور لوگوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔

سجاول، قمر شیداد کوٹ، نوشہرو فیروز، دادو، میرپور خاص، بدین سمیت دیگر شہروں میں بھی بادل برسے جس سے ایل ٹو سیم نالہ اوور فلو ہونے سے کھڑی فصلیں ڈوب گئیں۔

نوشہر و فیروز میں مورو، مٹھیانی، کنڈیاروتھاروشاہ، بھورٹی میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ دادو اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے سڑکیں ڈؤب گئیں اور ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔

Similar Posts