ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں افغانستان نے ہانگ کانگ کو 94 رنز سے شکست دے دی

ابوظبی: ایشیا کپ 2025 کے افتتاحی میچ میں افغانستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کو 94 رنز سے شکست دے دی۔

ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ افغان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔

صدیق اللہ 73 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ عظمت اللہ نے صرف 21 گیندوں پر 53 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ محمد نبی نے بھی 33 رنز کا اضافہ کیا۔ ہانگ کانگ کی جانب سے آیوش شکلا اور کنچت شاہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم افغان باؤلرز کے سامنے ڈٹ نہ سکی اور 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 94 رنز بنا سکی۔

بابر حیات نے 39 اور کپتان یاصم مرتضیٰ نے 16 رنز بنائے، تاہم دیگر کھلاڑی دوہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

افغانستان کی جانب سے فضل الحق اور گلبدین نائب نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ عظمت اللہ، راشد خان اور نور احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں ایشیا کپ کے گروپ بی میں شامل ہیں۔ ایونٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ جمعہ کو عمان کے خلاف کھیلے گا۔

Similar Posts