موٹرسائیکلیں بنانے والی مشہور جاپانی کمپنی یاماہا نے پاکستان میں اپنی مینوفیکچرنگ بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
یاماہا پاکستان کی جانب سے ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے عوام کو آگاہ کیا ہے کہ وہ اپنی پالیسی کے پاعث پاکستان میں اپنی مصنوعات کی مینوفیکچرنگ بند کر رہے ہیں۔
یاماہا موٹر پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے باضابطہ بیان میں کمپنی نے کہا ہم ان تمام رائیڈرز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے یاماہا کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا۔ آفٹر سیل سروسز اور اسپئیر پارٹس کی فراہمی جاری رہے گی۔
یاماہا نے 1976 میں پاکستان میں اپنا سفر شروع کیا، YB100 سمیت کئی ماڈلز عوام میں مقبول ہوئے، جبکہ 2015 میں براہِ راست فیکٹری کے قیام کے بعد YBR125، YBR125G اور YB125Z جیسے ماڈلز نے نوجوانوں اور بائیکرز کو اپنی جانب متوجہ کیا۔
یاماہا کے معیار اور آرام دہ سواری کے باعث شہری اسے یاد کرتے ہیں، سوشل میڈیا پر بائیکرز کا کہنا ہے کہ لانگ روٹ اور مشکل راستوں پر یاماہا ہمیشہ بہترین آپشن رہا۔
صارفین کا ماننا ہے کہ یاماہا کے جانے سے مارکیٹ میں مقابلے کی فضا کمزور ہو گئی ہے اور سوال یہ ہے کہ آفٹر سیل سروسز پہلے جیسی رہ پائیں گی یا نہیں۔
پاکستان میں یاماہا موٹرسائیکل کے مختلف ماڈلز دستیاب رہے ہیں۔ ان میں یاماہا وائی بی 125 کے مخلتف ویرئنٹس کی قیمتیں چار لاکھ 24 ہزار سے چار لاکھ 85 ہزار تک تھیں۔