ایشیا کپ ٹی 20 کے تیسرے میچ میں بنگلادیش نے ہانگ کانگ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے 144 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 18 ویں اوور میں حاصل کیا۔
بنگلادیش کی جانب سے کپتان لٹن داس 59 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پرویز حسین ایمان 19 اور تنزید حسن 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
توحید ہرودئے اور جاکر علی بالترتیب 35 اور 0 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست پویلین لوٹے۔ ہانگ کانگ کی جانب سے عتیق اقبال نے 2 اور آیوش شکلا نے 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بنگلادیش کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز اسکور کیے۔
قبل ازیں ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ کے تیسرے میچ میں بنگلادیش نے ہانگ کانگ کے خلاف ٹاس جیت پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ٹاس کے بعد بنگلا دیشی کپتان لٹن داس کا کہنا تھا کہ یہ ایونٹ میں ان کا پہلا میچ ہے، وہ بولنگ لے کر کنڈیشنز دیکھنا چاہتے ہیں۔
بنگلادیش ایونٹ میں اپنا پہلا میچ کھیل رہا ہے جبکہ ہانگ کانگ کا یہ دوسرا میچ ہے۔ اس سے قبل ہانگ کانگ کو افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ میں بھارت نے یو اے ای کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔