ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف بڑے میچ سے قبل اہم بھارتی کھلاڑی انجرڈ ہوگیا

ایشیا کپ 2025 کے سب سے بڑے مقابلے سے قبل بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا ہے اور ان کے ایک اہم کھلاڑی شبمن گل کی پاکستان کے خلاف آج کے میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

کرکٹ کے سب سے بڑے حریف ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے، پاکستان اور بھارت آج ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے میچ میں دبئی میں ٹکرائیں گے۔

بھارتی خبر رساں ادارے ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی ٹیم کے نائب کپتان شبمن گل بڑے ٹاکرے سے قبل انجری کا شکار ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق منگل کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف ناقابل شکست 20 رنز بنانے والے شبمن گل کو پریکٹس سیشن کے دوران ہاتھ پر گیند لگی، بظاہر گل سخت تکلیف میں نظر آرہے تھے جو فزیو کے آنے کے بعد میدان سے باہر چلے گئے تھے۔

اس واقعے کے بعد بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر بلے باز کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے نظر آئے۔


AAJ News Whatsapp

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کچھ وقت میدان سے باہر گزارنے کے بعد شبمن گل واپس آئے اور اپنی پریکٹس دوبارہ شروع کی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق چوٹ معمولی نہیں لگ رہی، جس نے پاک بھارت میچ میں ان کی شرکت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شبمن گل کی انجری ٹیم انڈیا کے لیے بہت بھاری پڑ سکتی ہے کیونکہ وہ حالیہ عرصے میں ٹیم کے سب سے فارم میں موجود بلے بازوں میں سے ایک رہے ہیں۔

Similar Posts