ایشیا کپ ٹی 20 کے 11 ویں میچ میں افغانستان نے محمد نبی کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایشیا کپ کے ایک اہم اور فیصلہ کن معرکے میں افغانستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔
افغانستان کی بیٹنگ
افغانستان کی جانب سے محمد نبی 22 گیندوں پر 6 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر نمایاں رہے جب کہ انہوں نے آخری اوور میں دُنیتھ ویلالگے کو 5 چھکے مار کر افغانستان کی میچ پر گرفت مضبوط کردی۔
اس کے علاوہ دیگر بلے بازوں میں کپتان راشد خان اور ابراہیم زادران 24،24، صدیق اللہ اتل 18، رحمان اللہ گربز 14، درویش رسولی 9، عظمت اللہ عمرزئی 6 اور کریم جنت ایک رن کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے جب کہ نور احمد 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
سری لنکا کی جانب سے نوان تھشارا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ داسن شناکا، دُنیتھ ویلالگے اور دشمانتا چمیرا نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
اس طرح افغان ٹیم نے محمد نبی کی دھواں دھار بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا۔
میچ کا ٹاس
ایشیا کپ میں سری لنکا اور افغانستان کے درمیان اہم میچ ابوظبی میں کھیلا جا رہا ہے، یہ میچ گروپ بی کے مرحلے کا آخری مقابلہ ہے۔ جہاں افغانستان کے کپتان راشد خان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
افغانستان کا اسکواڈ
افغانستان کی پلیئنگ الیون میں صدیق اللہ اٹل، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زردان، درویش رسولی، کریم جنت، محمد نبی، عظمت اللہ عمر زئی، راشد خان، مجیب الرحمان، نور احمد اور فضل الحق فاروقی شامل ہیں ۔
سری لنکا کا اسکواڈ
سری لنکا کی پلیئنگ الیون میں پیتھم نسانکا، کوشل مینڈس، کوشل پریرا، چاہریتھ اسلانکا، داسن شناکا، ونندو ہرسانگا، ڈیونتھ ویلا لاگے، دشمانتھا چمیرا اور نووان تھوشارا شامل ہیں ۔
گروپ بی میں سپر فور مرحلے کی لڑائی
افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کو ترجیح دی کیونکہ یہ میچ ان کی ٹیم کے لیے ناک آؤٹ کی حیثیت رکھتا ہے کیوں کہ یہ میچ ان کی ٹیم کے لیے ناک آؤٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔
اگر افغانستان آج کا میچ ہار جاتا ہے تو وہ ایونٹ سے باہر ہو جائے گا جب کہ جیت کی صورت میں وہ سپر فور مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائے گا۔
گروپ بی میں صورتحال خاصی دلچسپ ہے، جہاں اس وقت سری لنکا 2 فتوحات کے ساتھ 4 پوائنٹس لے کر سرفہرست ہے جب کہ افغانستان 2 میچز میں ایک جیت اور ایک ہار کے ساتھ 2 پوائنٹس پر ہے جب کہ بنگلہ دیش نے تین میچز میں دو فتوحات سمیٹ کر چار پوائنٹس لے رکھے ہیں۔
افغان ٹیم اب تک کھیلے گئے دو میچز میں ایک کامیابی حاصل کرپائی ہے تاہم اس کا نیٹ رن ریٹ 2.150 ہے جب کہ بنگلہ دیش کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.270 ہے۔
افغانستان نے اپنا پہلا میچ ہانگ کانگ کے خلاف جیتا تھا جب کہ دوسرے میچ میں اسے بنگلہ دیش سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
آج سری لنکا کے خلاف افغان ٹیم کی کامیابی بنگال ٹائیگرز کو خالی ہاتھ واپس لوٹنے پر مجبور کرسکتی ہے کیوں کہ سری لنکن ٹیم 1.546 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ قدرے بہتر پوزیشن میں ہے۔
ہانگ کانگ کی ٹیم تینوں میچز ہارکر پہلے ہی باہر ہوچکی ہے۔ اگر سری لنکا افغانستان کو شکست دیتا ہے تو وہ اپنے ساتھ بنگلہ دیش کو بھی سپر فور میں لے جائے گا۔
دوسری جانب اگر افغانستان فتح حاصل کرتا ہے تو وہ سپر فور میں رسائی حاصل کرلے گا تاہم بنگلہ دیش کی رسائی اس بات پر منحصر ہوگی کہ افغانستان سری لنکا کو 65 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے یا ہدف کو کم از کم 11 اوورز میں حاصل کرے۔
دوسری جانب گروپ اے سے پاکستان اور بھارت پہلے ہی سپر فور میں کوالیفائی کر چکے ہیں بھارت کل گروپ مرحلے کا اپنا آخری میچ اومان کے خلاف کھیلے گا۔